عمرہ و حج کمپنیوں پر کورونا کے اثرات کا جائزہ
جمعرات 17 ستمبر 2020 6:03
وزارت حج خدمات کے لیے نئی سمارٹ ایپس کو جلد مکمل کرے- فوٹو: اخبار 24
سعودی مجلس شوریٰ نے وزارت حج سے بجٹ مثالی طریقے سے استعمال نہ کرنے پر جواب طلب کیا ہے۔ ارکان شوریٰ نے دریافت کیا کہ ’کثیر منزلہ خیموں‘ اور ’بیگ فری حج‘ پروگرام پر عمل درآمد کیوں نہیں کیا گیا۔ اس حوالے سے دونوں سکیمیں وسیع پیمانے پر نافذ کرنے کے امکانات کا جائزہ ابھی تک کیوں نہیں پیش کیا گیا۔
اخبار 24 کے مطابق مجلس شوری کا آن لائن اجلاس نائب صدر ڈاکٹر عبداللہ المعطانی کی صدارت میں ہوا۔ اس موقع پر وزارت حج و عمرہ کی مالیاتی سالانہ رپورٹ پر بحث ہوئی۔
مجلس شوری نے وزارت حج و عمرہ سے کہا کہ وہ مسجد الحرام کے آس پاس کے علاقے کو مشاعر مقدسہ ٹرین سے جوڑنے کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطہ کرے۔
شوری نے وزارت کو ہدایت کی کہ وہ حج اور عمرہ زائرین کو بہترین رہائش کی فراہمی کو یقینی بنائے۔ حاجیوں کی رہائش کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے۔ طے کیا جائے کہ حج پر آنے والوں کی رہائش پر کس قسم کی اور کس معیار کی سہولتیں فراہم کی جانا ضروری ہیں۔
مجلس شوری نے یہ بھی کہا کہ وزارت حج اپنی خدمات کے لیے نئی سمارٹ ایپس کو جلد از جلد مکمل کرے۔ اس حوالے سے راستہ بھول جانے والوں کی رہنمائی کو گائیڈ کرنے والی ایپ اور مطلوبہ مقامات پر پہنچنے کے لیے اجازت ناموں کے حصول کے سسٹم کو جدید تر بنایا جائے۔
شوری نے وزارت حج سے یہ بھی کہا کہ وہ عمرہ کمپنیوں، داخلی عازمین کو حج خدمات فراہم کرنے والوں اور معلمین پر پڑنے والے کورونا وبا کے اثرات کا جائزہ تیار کرے۔
خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں