سعودی عرب کی فلائٹس: ’تمام ٹکٹیں ایک ہی دن میں فروخت‘
جمعرات 17 ستمبر 2020 16:56
زبیر علی خان -اردو نیوز، اسلام آباد
ترجمان کا کہنا ہے کہ سی ای او ارشد ملک نے سعودی سفیر سے پروازیں بڑھانے کے حوالے سے گفتگو کی۔ (فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب کی جانب سے سفری پابندیاں جزوی طور پر ہٹائے جانے کے بعد پاکستان میں بھی سعودی عرب جانے والے مسافروں کا انتظار ختم ہو چکا ہے۔
اس سلسلے میں پاکستان سے سعودی عرب کے لیے جمعرات سے شروع ہونے والی 30 ستمبر تک کی 23 پروازوں کے تمام ٹکٹیں ایک ہی دن میں فروخت ہو چکی ہیں۔
مسافروں کے رش کو دیکھتے ہوئے پی آئی اے کی انتظامیہ نے مزید 28 پروازیں چلانے کی اجازت طلب کر لی یے۔
ترجمان پی آئی اے عبد اللہ حفیظ نے اردو نیوز کو بتایا کہ 'پی آئی اے نے 28 مزید پروازیں چلانے کی اجازت مانگی ہے جس کے بعد 21 یا 22 ستمبر سے پروازیں بڑھا دی جائیں گی جو کہ تقریباً نو ہزار مسافروں کو لے کر سعودی عرب روانہ ہوں گی۔‘
اس حوالے سے سی ای او پی آئی اے ارشد ملک نے پاکستان میں سعودی سفیر نواف المالکی سے ملاقات بھی کی ہے۔
عبداللہ حفیظ کے مطابق ملاقات میں سی ای او ارشد ملک نے سعودی سفیر سے پروازیں بڑھانے کے حوالے سے گفتگو کی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ’پاکستان سے سعودی عرب جانے والی پروازوں کے ٹکٹس ’پہلے آئیں پہلے پائیں‘ کے تحت فروخت کی جا رہی ہیں اور 30 ستمبر تک شیڈول کی گئی پروازوں کے تین ہزار ٹکٹس تھے جو کہ ایک ہی دن میں فروخت ہو چکے ہیں۔'
انہوں نے مزید کہا کہ 'سعودی عرب کی جانب سے جزوی طور پر سفری پابندیاں ختم ہونے کے بعد کثیر تعداد میں مسافر رابطے کر رہے ہیں ان میں ایسے افراد کی تعداد زیادہ ہے جن کے ویزے کی معیاد 30 ستمبر کو ختم ہورہی ہے۔‘
’اس لیے ہماری کوشش ہے کہ 30 ستمبر سے پہلے پہلے پروازیں بڑھا دی جائیں۔'
انہوں نے مزید کہا کہ ’28 پروازیں مزید چلانے کی اجازت ملنے سے تقریباً 9 ہزار مسافروں پاکستان سے سعودی عرب روانہ ہوسکیں گے۔‘
خیال رہے کہ سعودی حکومت کی جانب سے کوروانا وائرس کے باعث عائد کی گئی سفری پابندیاں جزوی طور پر ہٹا دی گئی ہیں تاہم یکم جنوری سے پابندیاں مکمل ختم ہوں گی۔