Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی آئی اے کی سعودی عرب کے لیے پروازیں جمعرات سے

پی آئی اے سعودی عرب کے تین شہروں دمام، جدہ اور ریاض کے لیے پروازیں چلائیں گی۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی عرب کی جانب سے بین الاقوامی پروازوں پر سے پابندی جزوی طور پر ہٹانے کے بعد پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز جمعرات سے سعودی عرب کے لیے پروازیں شروع کر رہی ہے۔
پی آئی نے پاکستان سے سعودی عرب جانے کے لیے ٹکٹس کی بکنگ کا آغاز کر دیا ہے۔ 
ترجمان پی آئی اے عبد اللہ حفیظ نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’پاکستان سے سعودی عرب کے لیے ہفتہ وار 23 پروازیں چلائی جائیں گی جن کی ٹکٹس کے فروخت کا آغاز کر دیا گیا ہے۔‘
 
انہوں نے بتایا کہ پاکستان سے سعودی عرب کے لیے پہلے خالی پروازیں چلائی جا رہی تھیں تاکہ سعودی عرب میں موجود پاکستانیوں کو واپس لایا جاسکے تاہم سعودی عرب کی جانب سے جزوی طور پر پابندیاں ہٹانے کے بعد اب پاکستان سے سعودی عرب جانے والے مسافر ٹکٹس بک کروا سکتے ہیں۔‘
عبد اللہ حفییظ کے مطابق پاکستان سے دمام، جدہ اور ریاض کے لیے پروازیں چلائی جارہی ہیں۔ ‘سعودی عرب کی جانب سے جزوی طور پر فضائی سفر پر عائد پابندیاں ہٹانے کے بعد پروازوں میں آئندہ آنے والے دنوں میں اضافہ کیا جائے گا اور اس حوالے سے ہم نے ہفتہ وار 26 پروازیں چلانے کی اجازت مانگی ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ  ’ٹکٹس ان مسافروں کو دی جائیں جو کہ سعودی عرب کی جانب سے دی گئی شرائط پر پورا اترتے ہوں، اقامہ ہولڈرز اور ویزہ ہولڈرز ٹکٹ بک کروا سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ پاکستان سے سعودی عرب جانے والے مسافروں کے لیے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کروانا بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔‘
ترجمان کے مطابق ’ایسے مسافر جنہوں نے پہلے سے ٹکٹس بک کروائی تھی اور فلائیٹس منسوخ ہونے کی وجہ سے سعودی عرب نہیں جاسکے وہ سو امریکی ڈالرز دے کر کسی بھی فلائیٹ کا ٹکٹ حاصل کر سکتے ہیں۔‘

سعودی عرب کے لیے پاکستانی کن لیبارٹریوں سے ٹیسٹ کروائیں؟

ہوا بازی سے متعلق سعودی حکومتی ادارے جنرل اتھارٹی آف ایوی ایشن نے غیر سعودی شہریوں کو مملکت میں آنے یا وہاں سے نکلنے کی اجازت دے دی ہے۔

عبد اللہ حفییظ کے مطابق پاکستان سے دمام، جدہ اور ریاض کے لیے پروازیں چلائی جارہی ہیں۔ (فوٹو: عرب نیوز)

اتھارٹی کی طرف سے جاری مختصر حکم نامے کے مطابق گلف کوآپریشن کونسل کے رکن ممالک کے شہریوں اور بین الاقوامی شہری جو وزٹ ویزا، ورک پرمٹ، اقامہ اور رہائشی ویزہ رکھتے ہیں کو سفر کی مکمل اجازت دے دی گئی ہے۔
اتھارٹی نے پاکستان میں موجود ان لیبارٹریوں کی فہرست جاری کر دی ہے جن کے ٹیسٹ قبول کئے جائیں گے۔
کراچی سے چار لیبارٹریوں کے ٹیسٹ قبول کیے جائیں گے جن میں آغا خان، سول ہسپتال، ڈاؤ  ہسپتال اور انڈس ہسپتال کی لیبارٹریاں شامل ہیں۔
اسی طرح اسلام آباد میں قومی ادارہ صحت کی وائرولوجی لیب کے ٹیسٹ کو مانا گیا ہے۔
لاہور میں پرائمری اینڈ سیکینڈری ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ، شوکت خانم اور چغتائی لیب کے ٹیسٹس کو سعودی اتھارٹی نے قبول کیا ہے۔

سعودی عرب نے پاکستان میں موجود ان لیبارٹریوں کی فہرست جاری کر دی ہے جن کے ٹیسٹ قبول کیے جائیں گے۔ (فوٹو: عرب نیوز)

ملتان میں نشتر ہسپتال کی لیب کے کورونا ٹیسٹ حتمی تصور ہوں گے اسی طرح پشاور سے خیبر میڈیکل یونیورسٹی کی پبلک ہیلتھ لیب کو منظور کیا گیا ہے۔
کوئٹہ کی سرکاری موبائل لیبارٹری اور ایف جے سی اینڈ جی ہسپتال کی لیبارٹری کے کورونا ٹیسٹ قبول کئے جائیں گے۔
سکھر کے گمبٹ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز، مظفر آباد کے عباس انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز اور گلگت بلتستان کے ڈی ایچ کیو ہسپتال کی لیبارٹریوں کے نتائج سعودی اتھارٹی قبول کرے گی۔

شیئر: