Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مفرور مجرم کی سات بار گرفتار کرنے کی التجا، پولیس کا انکار

مجرم اکرم الدین کو ہتھیار رکھنے کے جرم میں گرفتار کیا گیا تھا (فوٹو گارڈین)
برطانوی عدالت نے لندن کی میٹروپولیٹن پولیس کے خلاف مفرور مجرم کے خود کو قانون کے حوالے کرنے کے باوجود حراست میں نہ لینے پر تحقیقات کا حکم دیا ہے۔
برطانوی اخبار گارڈین کے مطابق لندن کے رہائشی مجرم اکرم الدین کو ہتھیار رکھنے کے جرم میں گرفتار کیا گیا تھا جو 17جون کو جیل سے فرار ہو گیا تھا۔
مجرم اکرم الدین نے اعتراف کیا ہے کہ وہ 18 جون کو اپنی والدہ سے ملنے کی غرض سے جیل سے فرار ہوا تھا۔
گارڈین کے مطابق اکرم الدین کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ مجرم نے سات مرتبہ خود کو پولیس کے حوالے کیا تاہم برطانوی میٹروپولیٹن پولیس نے اسے گرفتار کرنے سے انکار دیا۔
وکیل لیام والکر کا کہنا ہے کہ ان کے بیس سالہ کیریئر میں یہ پہلا ایسا کیس ہے جو تباہ شدہ مجرمانہ انصاف کے نظام پر روشنی ڈال رہا ہے۔
وکیل نے بتایا کے اکرام الدین نے 13جولائی کو پہلی مرتبہ لندن کے پولیس سٹیشن میں جا کر خود کو حوالے کیا لیکن پولیس نے مجرم کو گرفتار کرنے کے بجائے واپس بھیج دیا۔
وکیل کے مطابق مجرم کی گرفتاری کے وارنٹ نہ ہونے کے باعث پولیس نے اکرام الدین کو قید نہیں کیا تھا۔

مجرم اکرم الدین کو ہتھیار رکھنے کے جرم میں گرفتار کیا گیا تھا۔ فوٹو روئٹرز

اکرام الدین نے 13 اگست کو ایک مرتبہ پھر پولیس سٹیشن جا کر خود کو قانون کے حوالے کرنے کی کوشش کی جس پر انہیں بالآخر گرفتار کر لیا گیا تھا۔
مجرم کے وکیل لیام والکر نے عدالت کے سامنے پیش ہو کر کہا کہ یہ انتہائی حیرت انگیز واقعہ ہے کہ مجرم نے کئی مرتبہ خود کو قانون کے حوالے کرنے کی کوشش کی لیکن پولیس نے گرفتار کرنے سے انکار دیا۔
برطانوی عدالت کے جج چارلز گرٹوک نے میٹروپولیٹن کو واقعے کی تحقیقاتی رپورٹ 28 دنوں میں پیش کرنے کا کہا ہے۔
مجرم اکرام الدین کو عدالت نے جیل سے مفرور ہونے پر چار مہینے قید کی سزا سنائی ہے۔
میٹروپولیٹن پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ عدالت کے سامنے دیے گئے بیانات کی حقیقت کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
پولیس کے مطابق کسی بھی جرم میں مطلوب شخص کا نام اور دیگر معلومات پولیس کے مرکزی کمپیوٹر میں ڈال دی جاتی ہیں جو ریکارڈ کا حصہ بن جاتی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ان کے ریکارڈ کے مطابق اکرم الدین نامی کسی شخص نے 13 جولائی سے 13 اگست کے درمیان لندن کے پولیس سٹیشن میں حاضری نہیں دی۔

شیئر: