Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا میں جاسوسی کے الزام میں صحافی سمیت تین گرفتار

گرفتار کیے گئے دیگر دو افراد میں خاتون کا تعلق چین جبکہ ان کے پارٹنر کا تعلق نیپال سے ہے۔ فوٹو: انڈین میڈیا
انڈیا کے دارالحکومت دہلی میں پولیس نے ایک مقامی صحافی کو ’حساس معلومات‘ چین کے انٹیلی جنس افسران کے حوالے کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق سنیچر کو دہلی پولیس کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ 61 سالہ راجیو شرما فری لانس جرنلسٹ ہیں اور رواں ہفتے کے آغاز میں ان کی گرفتاری کے وقت ان کی رہائش گاہ سے افسران نے انڈیا کے محکمہ دفاع سے متعلقہ کچھ خفیہ دستاویزات بھی قبضے میں لیں۔
بیان کے مطابق صحافی کے ہمراہ ایک چینی خاتون اور اس کے نیپالی پارٹنر کو بھی گرفتار کیا گیا ہے جو مبینہ طور پر راجیو شرما کو چینی انٹیلی جنس کو معلومات کی فراہمی پر ’بھاری رقم‘ دے رہے تھے۔

 

روئٹرز کے مطابق چین کے دفتر خارجہ نے اس حوالے سے پوچھے گئے سوال پر فوری طور پر کوئی جواب دینے سے انکار کیا۔
خبر رساں ادارے کے مطابق تینوں گرفتار افراد یا ان کے وکیل سے موقف معلوم کرنے کے لیے فوری طور پر رابطہ نہیں ہو سکا ہے۔
دہلی کے ڈپٹی کمشنر نے جاری کیے گئے بیان میں کہا ہے کہ ’تفتیش کے دوران راجیو شرما نے انکشاف کیا کہ وہ خفیہ اور حساس معلومات کے حصول اور ان کو چینی ہینڈلرز تک پہنچانے میں ملوث ہیں۔‘
یہ گرفتاری ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب چین اور انڈیا کے درمیان ہمالیہ کے خطے میں کشیدگی عروج پر ہے۔
دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات رواں سال جون کے مہینے میں ایک سرحدی جھڑپ کے بعد خراب ہوئے جس میں انڈیا کے مطابق اس کے 20 فوجی مارے گئے تھے۔
چینی اخبار گلوبل ٹائمز کے چیف ایڈیٹر نے گزشتہ دنوں ایک ٹویٹ میں بتایا کہ انڈیا کے مقابلے میں چین کے اس جھڑپ میں بہت کم فوجی مارے گئے تھے۔ 

چین اور انڈیا کے درمیان رواں سال تعلقات انتہائی خراب ہوئے ہیں۔ فوٹو: روئٹرز

دہلی پولیس کا کہنا ہے کہ راجیو شرما کو حالیہ برسوں میں چین انڈیا سرحدی معاملات پر معلومات فراہم کرنے کا ٹاسک دیا گیا تھا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ جاسوسی کے معاوضے کے طور پر شرما کو جنوری 2019 اور ستمبر 2020 کے درمیان 30 لاکھ انڈین روپے ان کے ہینڈلرز کی جانب سے دیے گئے۔
یاد رہے کہ سرحدی کشیدگی کے بعد انڈیا نے گزشتہ ماہ کئی چینی فون ایپلی کیشنز کو بھی بند کر دیا تھا۔

شیئر: