صدر ٹرمپ کے نام ’زہر‘ بھرا خط
اتوار 20 ستمبر 2020 10:13
’ اس زہریلے مواد کی معمولی مقدار سونگھنے سے جسمانی اعضا ناکارہ ہو جاتے ہیں۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)
امریکی حکام نے زہریلے مواد سے بھرے ہوئے خط کا لفافہ ضبط کیا ہے جو وائٹ ہاؤس کے پتے پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو بھیجا گیا تھا۔
خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق خط کے لفافے میں زہر آلود مواد ’رائسن‘ موجود تھا جو ارنڈی کی پھلیوں سے تیار کیا جاتا ہے۔ اس زہریلے مواد کی معمولی مقدار بھی سونگھنے، نگھلنے یا ٹیکہ لگانے سے جسمانی اعضا ناکارہ ہو جاتے ہیں۔
امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز نے کہا ہے کے رواں ہفتے کہ شروع میں امریکی حکام نے خط وائٹ ہاؤس تک پہنچنے سے پہلے ہی ضبط کر لیا تھا۔
نیو یارک ٹائمز کے مطابق خط کینیڈا سے ارسال کیا گیا تھا۔
وائٹ ہاؤس کے پتے پر بھیجی گئی تمام ڈاک کا دارالحکومت واشنگٹن سے باہر قائم گوداموں میں جائزہ لے لیا جاتا ہے۔
امریکی نیوز چینل سی این این کے مطابق خط میں موجود مواد کو ایک گودام میں ٹیسٹ کیا گیا تھا جس کے بعد اس میں رائسن زہر ہونے کی تصدیق کی گئی تھی۔
وفاقی تفتیشی ادارے ’ایف بی آئی‘ نے جاری بیان میں کہا ہے کہ مشکوک خط کے حوالے سے تحقیقات کی جا رہی ہیں، فی الحال عوام کی حفاظت کو خطرہ نہیں ہے۔