Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جو بائیڈن منشیات کا ٹیسٹ کروائیں: ٹرمپ

صدر ٹرمپ اور جو بائیڈن کے درمیان پہلا صدارتی مباحثہ 29 ستمبر کو منعقد ہوگا (فوٹو: اے ایف پی)
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انتخابی حریف اور سابق نائب صدر جو بائیڈن کا منشیات کا ٹیسٹ کروانے کا مطالبہ کیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق صدر ٹرمپ نے صدارتی مباحثوں کے باقاعدہ آغاز سے پہلے سابق نائب صدر جوبائیڈن کے منشیات کا ٹیسٹ کروانے کا مطالبہ کیا ہے۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ جو بائیڈن کے ہمراہ وہ اپنا ٹیسٹ بھی کروائیں گے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی میگزین واشنگٹن ایگزامینر کو انٹرویو میں کہا کہ انتخابی مہم کے دوران جو بائیڈن کی بہتر کارکردگی پر انہیں تشویش ہے۔
صدر ٹرمپ کے پاس اپنے دعوے کو ثابت کرنے کے لیے کوئی شواہد موجود نہیں ہیں تاہم انہوں نے کہا کہ وہ ان معاملات کو بخوبی سمجھتے ہیں اور انہوں نے جو بائیڈن کو مختلف صدارتی امیدواروں کے ساتھ مباحثوں میں شرکت کرتے دیکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو بائیڈن ماضی میں تقریباً نااہل تھے جبکہ برنی سینڈرز کے ساتھ ہونے والے صدارتی مباحثے میں ان کی کارکردگی ’نارمل‘ تھی۔
صدر ٹرمپ نے جو بائیڈن کی کارکردگی میں یکدم بہتری پر تعجب کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’ایسا کیسے ممکن ہو گیا؟‘
صدر ٹرمپ نے 2016 کی صدارتی مہم میں بھی اپنی انتخابی حریف ہیلری کلنٹن کے بارے میں کہا تھا کہ انہوں نے منشیات استعمال کی ہیں۔
2016 کی انتخابی مہم کے دوران صدر ٹرمپ نے امریکی ریاست نیو ہیمپشائر میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ہیلری کلنٹن کے بارے میں کہا تھا کہ ’صدارتی مباحثے کے آغاز سے پہلے ہمیں منشیات کا ٹیسٹ کروانا چاہیے۔‘
صدر ٹرمپ اور سابق نائب صدر جو بائیڈن کے درمیان پہلا صدارتی مباحثہ 29 ستمبر کو منعقد ہوگا جبکہ دیگر دو مباحثے 15 اور 22 اکتوبر کو منعقد ہوں گے۔

شیئر: