ایوارڈ نہیں دل جیتنے ہیں: گلوکار عاصم اظہر
اتوار 20 ستمبر 2020 10:50
عاصم اظہر کی ٹویٹ پر سوشل میڈیا صارفین نے اپنی رائے کا اظہار کیا ہے (فوٹو: ٹوئٹر)
گلوکار عاصم اظہر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سلسلہ وار ٹوئٹس میں ایوارڈز میں مامزد ہونے سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’میں جانتا ہوں کہ 2020 میرا سال ہے اس کے لیے مجھےکسی ایوارڈ کی ضرورت نہیں ویسے بھی ابھی سال ختم ہونا باقی ہے۔‘
کئی سوشل میڈیا صارفین نے عاصم اظہر کی اس ٹویٹ سے یہ اندازہ لگایا کہ شاید انہیں ایوارڈ میں نامزد نہ ہونے کا دکھ ہے جس کی وجہ سے وہ ایسی ٹوئٹس کر رہے ہیں۔ اس حولے سے گفتگو میں حصہ لینے والی ٹوئٹر صارف ایمن نے مزاحیہ جیف شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’جب آپ ایوارڈز کے لیے نامزد نہ ہوں اور ایسی چیزیں پوسٹ کرنا شروع کردیں ہاں ٹھیک ہے بھائی چلتا ہے ہوتا ہے دنیا ہے۔‘
جہاں صارفین عاصم کی اس ٹویٹ میں طنز ومزاح کرتے نظر آئے وہیں ان کے مداحوں کی حوصلہ بڑھانے کے پیغامات بھی دیکھنے کو ملے۔ ٹوئٹر صارف وردہ کاظمی نے لکھا کہ ’بہت اچھا اگلا ایک نہیں کئی سال آپ کے ہیں صرف ایک ایوارڈ نہیں بتاتا کسی کا ٹیلنٹ بلکہ ٹیلنٹ خود بولتا ہے‘۔
عاصم اظہر اب تک 32 سے زائد گانے گا چکے ہیں۔ انھوں نے پاکستان سپر لیگ کے گذشتہ سیزن میں کراچی کنگز کے لیے گانا بھی گایا تھا اور اس کے علاوہ وہ پی ایس ایل کے پانچویں آفیشل ترانے ’تیار ہیں‘ میں بھی اپنی آواز سے لوگوں کو گرویدہ کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
ٹوئٹر صارف نعیم نے لکھا کہ ’بھائی کورونا کا کہنا تھا کہ اگلا سال بھی کورونا کا ہے جبکہ آپ کہہ رہے ہو آپ کا ہے دونوں آپس میں بات چیت کر لو پھر بتا دینا کہ کس کا سال ہے۔‘
یاد رہے اس سے قبل عاصم اظہر کو ان کے گانے ’تم تم‘ کی وجہ سے شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا جس کی بنیادی وجہ گانے کی ویڈیو میں مرکزی کردار کی جگہ ٹک ٹاکر اریقہ حق کو شامل کرنا تھا۔
ٹریلر کی ریلیز کے بعد اریکا حق کے خلاف کئی ٹرینڈر بھی بنائے گئے تھے جس کا جواب دیتے ہوئے عاصم اظہر نے ٹویٹ کیا تھا کہ ’کمال ہے ویسے۔۔۔ پہلے ڈپریشن اور ذہنی صحت پر لیکچرز دیتے ہیں اور کچھ دن بعد اپنی نفرت اور تنقید سے خود ہی کسی کو ڈپریشن کا شکار بنا دیتے ہیں۔‘