Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کے لیے مزید پروازوں کی درخواست

پی آئی اے انتظامیہ کے مطابق اکثر پاکستانیوں کے اقامے 30 ستمبر کو ختم ہو رہے ہیں (فوٹو: روئٹرز)
سعودی عرب جانے والے خواہشمند مسافروں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر مملکت جانے والی پروازوں کی تعداد بڑھانے یا اقامے کی مدت بڑھانے کے لیے وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان اور پی آئی اے انتظامیہ نے  پاکستان کی وزارت خارجہ سے مدد مانگ لی ہے۔
پی آئی اے ترجمان کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ پی آئی اے  سعودی عرب کیلئے لگاتار پروازیں آپریٹ کررہی ہے تاہم چونکہ زیادہ تر اقامے 30 ستمبر کو ختم ہو رہے ہیں اس لیے غیر معمولی رش کا سامنا ہے۔
 
 
انہوں نے بتایا کہ پی آئی  اے انتظامیہ اور وزیر ہوابازی نے وزارت خارجہ کی مدد بھی طلب کرلی ہے کہ وہ سعودی حکام سے درخواست کرکے یا تو مزید پروازوں کی اجازت دلوائیں یا اقامہ کی مدت میں اضافہ کروادیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ  پی آئی اے نے اس معاملے کو دیکھتے ہوئے 15 ستمبر سے اجازت ملتے ہی 28 مزید پروازوں کی اجازت مانگ لی تھی جو معمول کے پروازوں کے علاوہ تھیں۔ تاہم سعودی حکام کی جانب سے صرف 13 پروازوں کی اجازت دی گئی اور اس پر بھی سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کے لیے 66 فیصد سے زائد افراد نہ لانے کی شرط عائد کردی گئی حالانکہ سعودیہ عرب روانگی سے قبل کویڈ منفی ٹسٹ ہونا بھی لازمی ہے۔
یہ پروازوں ہماری کل ضروریات کا نصف ہے تاہم پی آئی اے کی یہ کوشش ہے کہ اس محدود کیپیسٹی کو با احسن طریقے سے برابر پورے ملک میں مہیا کیا جائے۔ پی آئی اے کے پاس نشستیں دستیاب ہیں جو پی آئی اے کے دفاتر اور ایجنٹس کے ذریعے حاصل کی جاسکتی ہیں تاہم رش اور ہنگامہ آرائی کی وجہ سے پروازوں پر پھر بھی گنجائش رہ جاتی ہے۔
 

 پی آئی اے ترجمان کے مطابق ایئرلائن سعودی عرب کے لیے لگاتار پروازیں آپریٹ کررہی ہے(فوٹو: اے ایف پی)

تاہم بیان میں کہا گیا ہے کہ پی آئی اے کی طرف سے گزارش ہے کہ جن کے اقامے 25 ستمبر کو مدت پوری کررہے ہیں وہ اگلے دو دنوں تک ٹکٹس کے لیے رجوع کریں اور جن کی 30 ستمبر کو ہے وہ دو دن بعد حاصل کریں۔ اس ہی طرح پی آئی اے کے دفاتر پر رش کے باعث معمول کی ٹکٹس آن لائن یا کال سنٹر کے ذریعے حاصل کریں۔
پی آئی اے نے مسافروں سے  زیادہ کرایہ وصول کرنے کی شکایات پر بات کرتے ہوئے مسافروں سے درخواست کی ہے کہ کسی بھی صورت میں پی آئی اے کے مقرر کردہ اور شائع کردہ کرایوں سے زائد کسی کو بھی نہ دیں اور اس معاملے کی رپورٹ فوراً  [email protected] پر کریں۔
خیال رہے کہ سعودی وزارت داخلہ کے مطابق مملکت آتے وقت سعودی شہریوں سمیت جی سی سی ممالک اور غیرملکیوں پر کورونا وائرس کی وبا کو پھیلنے سے روکنے کے لیے مقرر حفاظتی ضوابط لاگو کیے جائیں گے اور ہر آنے والے مسافر کو یہ ثابت کرنا ہوگا کہ وہ کورونا وائرس سے پاک ہے۔ سرٹیفکیٹ بیرون مملکت رجسٹرڈ ادارے ہی کا قابل قبول ہوگا۔ سعودی عرب پہنچنے سے 48 گھنٹے سے زیادہ پرانا ٹیسٹ کا سرٹیفکیٹ قابل قبول نہیں ہوگا۔ 
باخبر رہیں، اردو نیوز کو ٹوئٹر پر فالو کریں

شیئر: