'پروفیسر صاحب کچھ کریں، ٹیلنٹ کھو رہے'
محمد حفیظ نے لکھا کہ 'مواقع نہ ملنا اور مالی تعاون کا فقدان مسائل پیدا کر رہا ہے' (فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر انڈر 19 ورلڈ کپ کے کھلاڑی احمد شفیق کی ویڈیو شیئر کی ہے جس میں وہ کرکٹ چھوڑنے کا اعلان کر رہے ہیں۔
احمد شفیق کا اپنے ویڈیو پیغام میں کہنا تھا کہ 'میں 2016 میں انڈر 19 ورلڈ کپ کھیل چکا ہوں۔ دو سال سے جب سٹرکچر تبدیل ہوا ہے تو مجھے کوئی ایسا پلیٹ فارم نہیں ملا جہاں میں اپنی کارکردگی دکھا سکوں۔ میں مالی طور پر بھی اتنا مضبوط نہیں کہ اپنی کرکٹ کو جاری رکھ سکوں۔'
محمد حفیظ نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا 'افسوسناک حقیقت، مواقع نہ ملنا اور مالی تعاون کا فقدان مسائل پیدا کر رہا ہے۔'
پاکستان کرکٹ ٹیم کے 'پروفیسر' کی اس ٹویٹ پر سوشل میڈیا صارفین نے نوجوان کھلاڑی کو نظرانداز کرنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کی انتظامیہ پر تنقید کی جبکہ کچھ صارفین نے سینیئر کھلاڑیوں سے مالی مشکلات کا شکار نوجوان کھلاڑیوں کی مدد کرنے کی اپیل کی۔
عثمان ساجد نامی صارف نے لکھا کہ پی سی بی کو اس طرح کے واقعات پر ایکشن لینا چاہیے۔ اس طرح ہم اپنے ٹیلنٹ کو کھو رہے ہیں۔ بہت سے کھلاڑی کرکٹ کھیلنا چھوڑ رہے ہیں کیونکہ انہیں کوئی مالی تعاون حاصل نہیں۔ پی سی بی کو اس حوالے سے اقدامات کرنے چاہئیں۔'
تیمور خان نامی صارف نے محمد حفیظ کی ٹویٹ کے جواب میں لکھا کہ 'میں آپ اور دیگر سینیئر کھلاڑیوں سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ نوجوان کھلاڑیوں کی مالی معاونت کے لیے کچھ کریں۔ آپ یقیناً مالی طور پر ایسا کرنے کے قابل ہیں اور یہ ایک اچھا عمل ہوگا۔'
ایک اور صارف توصیف سیفی نے لکھا کہ 'پروفیسر صاحب آپ نے کہا تھا کہ میں ڈومیسٹک سٹرکچر اور کھلاڑیوں کے مسائل پر وزیراعظم سے بات کروں گا اور آپ ان سے ملے تو کیا نتائج نکلے؟ کیا آپ کو ان مسائل کے حل کی کوئی راہ ملی؟ پروفیسر صاحب آپ کچھ کر سکتے ہیں براہ مہربانی ان کی مدد کریں۔'
محمد عمر نے لکھا کہ 'پاکستان کرکٹ بورڈ کا یہ حال ہے جس کی پرچی ہے اسے لیا جاتا ہے ایسے کتنے کھلاڑی ہم نے ضائع کیے جیسے کہ لاہور سے عمران طاہر اور دیگر، کرکٹ بورڈ اچھا ہوتا تو یہ صورتحال نہ ہوتی جو ابھی ہے حد ہے ویسے۔'
عباد اللہ خان نے سینیئر کھلاڑیوں کو مورود الزام ٹھہراتے ہوئے لکھا کہ 'جب تک سینیئرز کے نام پر کھلاڑی نوجوان کرکٹرز کا حق مارتے رہیں گے تو یہی ہوگا۔'
جہاں کچھ صارفین پاکستان کرکٹ بورڈ پر برہم دکھائی دیے وہیں کچھ ایسے بھی تھے جن کا خیال تھا کہ اگر کارکردگی اچھی ہو تو کھیلنے کے مواقع مل ہی جاتے ہیں۔
فیصل مقصود نامی صارف نے لکھا کہ 'مالی مسائل تو ہیں لیکن پی ایس ایل میں کافی نوجوان کھلاڑی آئے ہیں۔ محنت کرو بھائی اپنی کارکردگی بہتر کرو۔'
توقیر امجد نامی ٹوئٹر صارف نے مصباح الحق کی مثال دیتے ہوئے لکھا کہ 'مصباح الحق کو بھی اس وقت جگہ ملی تھی جب وہ مایوس ہو چکے تھے، ہمارے خیال میں انہیں مصباح الحق سے سبق سیکھنا چاہیے۔'