Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’میرا کیریئر، میری مرضی‘، محمد حفیظ

رمیز راجہ نے محمد حفیظ کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ نے کہا ہے کہ انہوں نے نہ تو کسی کے کہنے پر کرکٹ کھیلی اور نہ ہی کسی کے کہنے پر کرکٹ چھوڑیں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کردہ ایک ویڈیو کانفرنس میں ایک صحافی نے رمیز راجہ کے حوالے سوال پوچھا جس پر ان کا کہنا تھا کہ ’ہر کسی کو رائے دینے کا حق ہے لیکن نہ تو میں کسی کے کہنے پر کرکٹ کھیلتا ہوں اور نہ ہی کسی کے کہنے پر کرکٹ چھوڑوں گا، کیونکہ میرا کیریئر میری مرضی۔‘
واضح رہے کہ رمیز راجہ نے کہا تھا کہ پاکستان کو تجربہ کار کھلاڑیوں کی جگہ نئے کھلاڑیوں کو میدان میں لانے کی ضرورت ہے اور انہوں محمد حفیظ کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ انہیں کرکٹ کھیلتے ہوئے 18 برس ہو گئے ہیں اور ہمیشہ بہترین کھیل پیش کرنے کی کوشش کی اور آئندہ بھی ملک کی خدمت کریں گے۔
تاہم ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ اس فیصلے پر قائم ہیں کہ رواں برس  ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ کے بعد وہ ریٹائرمنٹ لے لیں گے اوراگر ٹورنامنٹ اگلے سال ہوا تو وہ خود کو اُس وقت تک فٹ رکھنے کی کوشش کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ وہ اپنے آخری ٹورنامنٹ میں اچھے کھیل کا مظاہرہ کریں اور اس ایونٹ کو یاد گار بنائیں۔
دورہ انگلینڈ کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ یہ ان کے لیے اعزاز کی بات ہے سابق کپتان کا کہنا تھا کہ دورہ انگلینڈ پر اگر ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کے لیے کہا گیا تو وہ ضرور کھیلیں گے کیونکہ یہ دورہ مختلف نوعیت کا ہے۔

محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ دعا ہے کہ دورہ انگلینڈ میں سب کورونا سے محفوظ رہیں (فوٹو: اے ایف پی)

 محمد حفیظ نے کورونا وائرس کی وبا میں کرکٹ کھیلنے کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک چیلنج ہے اور کھلاڑیوں کو اپنے کیریئر میں بہت سے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دعا ہے کہ دورہ انگلینڈ میں سب کورونا سے محفوظ رہیں۔

شیئر: