سعودی عرب کے تمام علاقوں میں 90 واں یوم وطنی روایتی جوش و خروش سے منایا گیا- ہر طرف خوشی کے مناظر چھائے رہے- بچوں نے خوبصورت سبز قومی پوشاک زیب تن کرکے وطن عزیز کے قومی دن پر اپنی خوشی کا معصومانہ اظہارکیا-

العربیہ نیٹ کے مطابق سعودی شہروں کی سڑکیں بزرگوں، نوجوانوں، خواتین اور بچوں سے آباد رہیں- بچوں نے سڑکوں پر قومی پرچم دلاویز انداز میں لہرائے- چہروں پر خوبصورت آرزوئیں اور حسین خواب سجائے گھومتے رہے-
بچے اپنے والدین کے شانہ بشانہ پبلک پارکوں، چوراہوں اور کھلے مقامات پر قومی نغمے گن گناتے رہے- سماجی فاصلے کی پابندی بھی حیران کن حد تک کرتے رہے-

مملکت کے تمام صوبوں اور کمشنریوں میں نیشنل ڈے کے موقع پر رنگا رنگ تقریبات ہوئیں- ایئر شو ہوئے، آتشبازی کی گئی- تجریدی آرٹ کے فنکاروں نے قومی ترقی اور کارناموں کا اظہار دیواری آرٹ کے ذریعے کیا-
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے نے 90 ویں قومی دن کے موقع پر مملکت بھر میں منائے جانے والے جشن کی ترجمانی تصاویر جاری کرکے کی- جنہیں دیکھ کر حب الوطنی، رحمدلی اور مسرت و شادمانی کے جذبات صاف نظر آرہے ہیں-