دنیا کے سب سے بڑے ایکوریم میں سعودی پرچم لہرایا گیا
دنیا کے سب سے بڑے ایکوریم میں سعودی پرچم لہرایا گیا
بدھ 23 ستمبر 2020 20:27
جدہ ایئرپورٹ جدہ پر قومی دن منفرد انداز میں منایا گیا۔(فوٹو العربیہ)
سعودی عرب میںکنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ جدہ پر سعودی عرب کا 90 واں قومی دن منفرد انداز میں منایا گیا۔ جدہ ائیر پورٹ کے نئے ٹرمینل پر دنیا کے سب سے بڑے ایکوریم میں سعودی پرچم لہرا یا گیا۔
سب سے بڑا ایکوریم ہے 14 میٹر گہرا ہے اور اس کا قطر 2.10 میٹر ہے۔ ایکوریم کی دیوار 300 ملی میٹر موٹی ہے۔ اس میں مونگوں کی دنیا بھی بسائی گئی ہے۔ یہ ایکوریم بحیرہ احمر میں مونگوں کی حقیقی دنیا کی عکاسی کرتا ہے۔
العربیہ نیٹ کے مطابق ایکوریم کے نچلے حصے میں چار مختلف قسم کے ٹینک ہیں- یہ سمندر کے پانی کی صفائی، ری سائیکلنگ اور استعمال سے قبل اس کی اصلاح کا کام کرتے ہیں- اس آپریشن کی بدولت سمندر کے پانی کا ایکوریم میں استعمال کم ہے-
غوطہ خوروں نے ایکوریم میں اتر کر سعودی پرچم لہرایا۔ ایئرپورٹ پر مسافروں نے سعودی پرچم کے مناظر کیمروں میں محفوظ کرلیے۔
کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ جدہ پر واقع ایکوریم میں دس لاکھ لٹر پانی کی گنجائش ہے۔ اس کا پانی بحیرہ احمر کے حقیقی پانی سے ملتا جلتا ہے۔ کیمیکل مواد کے ساتھ خاص مقدار میں نمک ملا کر اسےبحیرہ احمر کے پانی جیسا بنایا گیا ہے۔
اس ایکوریم کا ڈیزائن جدہ کی قدیم تاریخ اور اس کے سمندری ماحول سے بنایا گیا ہے۔ اس میں 2 ہزار سمندری مخلوقات ہیں۔ یہاں بحیرہ احمر کی مشہور ترین 65 قسم کی مچھلیاں موجود ہیں۔