لبنان اور اسرائیل کا سمندری حدود کا معاہدہ
دونوں ملکوں میں سمندری حدود کا معاہدہ دس اکتوبر کو ہوگا- فوٹو: عاجل
لبنان اور اسرائیل امریکہ کی سرپرستی میں آئندہ ماہ اکتوبر میں سمندری حدود کا معاہدہ کرنے جا رہے ہیں۔
عاجل ویب سائٹ نے اسرائیلی ٹی وی چینل 12کے حوالے سے بتایا کہ لبنان اور اسرائیل کے درمیان سمندری سرحدوں کا معاہدہ دس اکتوبر کو متوقع ہے۔
اسرائیلی چینل نے دعویٰ کیا ہے کہ لبنانی حزب اللہ نے سمندر میں گیس پلیٹ فارموں پر حملوں کے حوالے سے ضمنی منظوری دی ہے۔
اسرائیلی چینل نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ ابھی تک لبنان اور اسرائیل کے درمیان بری سرحدوں کی علامتوں سے متعلق مذاکرات کے بارے میں کوئی حتمی بات نہیں ہوئی کیونکہ الزرقا علامت کے حوالے سے فریقین میں کچھ اختلافات باقی ہیں۔ اسرائیل اور لبنان کے درمیان بحیرہ روم میں 860 مربع کلومیٹر کے رقبے پر بھی اختلاف چل رہا ہے-
لبنان نے 2018 میں اپنے علاقائی سمندر میں تیل اور گیس کی تلاش کا پہلا معاہدہ کیا تھا۔ اس میں نمبر نائن والا رقبہ شامل ہے۔ لبنان اور اسرائیل کا تنازع اسی پر ہے۔
اسرائیلی رپورٹوں میں کہا گیا ہے کہ امریکہ نے صدارتی انتخاب سے قبل گیس کی تلاش کا مسئلہ طے کرنے کے لیے اسرائیل اور لبنان کے درمیان سمندری حدود پر براہ راست مذاکرات کرائے ہیں۔ امریکہ کے معاون وزیر خارجہ برائے امور مشرق وسطی ڈیوڈ شنکر گزشتہ مہینے اس مقصد کے لیے بیروت اور تل ابیب کے درمیان شٹل ڈپلومیسی کرتے رہے ہیں۔
باخبر رہیں، اردو نیوز کو ٹوئٹر پر فالو کریں