سمارٹ فارمنگ ٹیکنالوجی کی ترقی میں پیش قدمی کی گئی ہے۔(فوٹو عرب نیوز)
سعودی عرب کی وزارت ماحولیات، پانی اور زراعت کی جانب سے سوڈان کے دارالحکومت خرطوم میں عرب آرگنائزیشن فار ایگریکلچرل ڈویلپمنٹ (اے او اے ڈی) میں منعقدہ سرکاری تقریب کے متوازی عرب زراعت کا دن منایا گیا ہے۔
سعودی خبر رساں ادارے واس کے مطابق عرب نیوز میں شائع ہونے والی خبر میں بتایا گیا ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاو کے بعد اس سال کا مرکزی خیال عرب دنیا میں دیہی ترقی اور زراعت پر مرکوز ہے۔
عرب لیگ کے زیر سایہ کام کرنے والی متعدد خصوصی تنظیموں میں سے ایک عرب آرگنائزیشن فار ایگریکلچرل ڈویلپمنٹ (اے او اے ڈی) کا قیام 1970 میں عمل میں آیا تھا۔
اس تنظیم کا مقصد زراعت کے میدان میں عرب ممالک کے مابین ہم آہنگی اور تعاون بڑھانا ہے اور زراعت کے شعبے کو بہتر بنانے کے لئے حکمت عملیوں پر کام کرنا ہے۔
یہ تنظیم ممبر ممالک کی اپنے اپنے زرعی شعبوں کی ترقی اور زراعت کے میدان میں مدد کرتی ہے۔ اس تنظیم کا ایک اہم مقصد خطے میں غذائی تحفظ کو یقینی بنانا اور مکمل طور پر مربوط عرب معیشت کا حصول ہے۔
زرعی اور دیہی ترقی کو پائیدار فروغ دینے کے لئے سعودی عرب نے متعدد اقدامات کیے ہیں۔ یہ پروگرام سعودی وژن 2030 کے اہم جزومیں سے ایک ہے۔
مملکت نے حال ہی میں ایک ای پورٹل "ریف"(https://reef.gov.sa) شروع کیا ہے جس میں دیہی ترقیاتی پروگرام سےمنسلک افراد کی مدد کی جائیگی۔
سعودی عرب میں سمارٹ فارمنگ ٹیکنالوجی کی ترقی میں بھی پیش قدمی کی گئی ہے۔