معمر ترین طالب علم سلیمان محمد الجیزانی کو اعزاز سے نوازا گیا۔ ( فوٹو: اخبار 24)
سعودی عرب میں محکمہ تعلیم مکہ نے بزرگ سعودی شہری کو تعلیم بالغاں کے شعبے میں داخلہ دیا ہے۔
محکمہ تعلیم مکہ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر احمد الزایدی سے اتوار کو صوبے کے معمر ترین طالب علم نے ملاقات کی۔
اخبار 24 کے مطابق ڈاکٹر احمد الزایدی نے اس موقع پر معمر ترین طالب علم سلیمان محمد الجیزانی کو اعزاز سے نوازا۔ انہیں عمر کے اس حصے میں علم کے حصول کے لیے سکول میں داخلہ لینے اور پابندی سے تعلیمی عمل جاری رکھنے پر سیلوٹ کیا۔
الجیزانی کی عمر 75 برس ہے اور وہ کنگ عبداللہ سکول میں رات کی شفٹ میں ثانوی کا کورس کررہے ہیں۔
ڈاکٹر الزایدی نے تعلیمی سلسلہ جاری رکھنے پر الجیزانی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ حکومت تعلیم بالغاں کا مشن انتہائی اہتمام سے چلا رہی ہے سعودی شہری عمر کے کسی بھی حصے میں ہوں اور تعلیم حاصل کرنا چاہیں انہیں سہولتیں مہیا ہوں گی۔
اس موقع پر سکول کے پرنسپل محمد الشہرانی بھی موجود تھے۔