ناخواندگی کی شرح میں مزید اضافے کے امکانات ہیں۔فوٹو: سوشل میڈیا
عرب لیگ میں تعلیم و تربیت اور سائنس ریسرچ ادار ے کی ڈائریکٹر ڈاکٹر دعا الخلیفہ کے مطابق تیرہ ملین عرب بچے سکولو ں سے محروم ہیں۔
عرب دنیا میں ناخواندگی کی شرح میں مزید اضافے کے امکانات ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق ریاض میں عرب اجلاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے دعا خلیفہ نے بتایا ’ اگرعرب ممالک ناخواندگی اور سکولوں سے متعلق تازہ اعداد و شمار فراہم کریں تو عرب لیگ تعلیم بالغاں اور ناخواندگی کے انسداد کے لیے دس سالہ مشترکہ عرب پروگرام شروع کرسکتی ہے۔‘
دعا خلیفہ کا کہنا تھا ’ عرب لیگ خانہ جنگی والے علاقوں، پناہ گزینوں کے کیمپوں اور بے یارو مدد گار افراد کے بچوں کی تعلیم و تربیت میں دلچسپی لے رہی ہے۔‘
دعا خلیفہ نے بتایا ’مصر اور فلسطین نے تعلیم بالغاں کے تجربات اور ناخواندگی کے انسداد کے حوالے سے اپنی کاوشوں کی رپورٹیں بھیجی ہیں۔ دیگر ممالک سے رپورٹوں کا انتظار ہے۔
انہوں نے مزید کہا ’ہر ملک اپنے یہاں قومی منصوبے یا سٹریٹیجک پروگرام پر عمل پیرا ہے۔ ہماری دلچسپی ان ممالک کے بچوں سے ہے جہاں خانہ جنگی چل رہی ہے یا وہاں مسلح کشمکشوں کا دور دورہ ہے۔ چاہتے ہیں کہ ان ممالک کے بچے تعلیم سے محروم نہ ہوں۔‘
انہوں نے کہا ’ ناخواندگی عرب دنیا کے لیے بہت بڑاچیلنج ہے۔ خانہ جنگیوں نیز سیاسی انتشار سے ناخواندگی بڑھنے کے امکانات زیادہ ہوگئے ہیں۔ سماجی اور ثقافتی روایات بھی اس کا باعث بن رہی ہیں۔‘
’ عرب ممالک میں ابھی تک کم عمری کی شادی کا رواج پایا جاتا ہے۔ خاندانی انتشار کے واقعات بڑھے ہیں۔ اقتصادی حالات بھی ناخواندگی کا بڑا سبب ہیں۔‘