Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مدینہ یونیورسٹی میں حج و عمرہ مینیجمنٹ ڈپلومہ پروگرام

حتمی منظوری کے بعد ڈپلومہ فیس وصول کی جائے گی- فوٹو: سبق
سعودی عرب میں مدینہ منورہ اسلامی یونیورسٹی نے حج وعمرہ بزنس مینیجمنٹ ڈپلومہ شروع کیا ہے۔  یونیورسٹی میں سوشل سائنس کے ڈین ڈاکٹر سعود السلومی کے مطابق یہ اپنی نوعیت کا پہلا ڈپلومہ ہوگا۔  
سبق ویب سائٹ کے مطابق ڈاکٹر السلومی نے بتایا کہ یونیورسٹی کے سربراہ شہزادہ ڈاکٹر ممدوح بن سعود ثنیان آل سعود کی ہدایت پر نئے پروگرام شروع کیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ سعودی مارکیٹ کو جس قسم کے افراد کی ضرورت ہے ایسے ہی کورس منتخب کرکے افراد تیار کیے جائیں۔ 
السلومی نے بتایا کہ حج و عمرہ بزنس مینجمنٹ پروگرام اپنی نوعیت کا پہلا ہے۔ اس کے تحت حج و عمرہ زائرین کے اجتماعات کو منظم کرنے والے افراد تیار کیے جائیں گے۔ ڈپلومہ کے امیدواروں کو بتایا جائے گا کہ  حج اور عمرہ کے کاموں کو کس طرح منظم کیا جاتا ہے۔ بڑے اجتماعات سے کس طرح نمٹا جاتا ہے۔ اس قسم کے مواقع پر پیدا ہونے خطرات سے آگاہ کیا جائے گا اور یہ بھی بتایا جائے گا کہ ان سے کیسے نمٹا جائے گا۔ علاوہ ازیں کھانے پینے کی اشیا کے حوالے سے تمام امور سمجھائے اور بتائے جائیں گے۔  
حج اور عمرہ سرگرمیوں سے متعلق سرکاری و نجی اداروں کی ضروریات کیا ہیں۔ انہیں کس طرح پورا کیا جاتا ہے۔ زائرین کی خدمت پر مامور خدام میں کس قسم کی خوبیاں درکار ہیں انہیں کس طرح بہتر بنایا جاسکتا ہے۔  
یونیورسٹی کے ڈین نے بتایا کہ ڈپلومہ پروگرام میں مملکت کے اندر یا باہر سے ثانوی پاس افراد کو داخلہ دیا جائے گا۔ امیدوار سے کیریکٹر سرٹیفکیٹ طلب کیا جائے گا۔ یونیورسٹی کی طرف سے مقرر تحریری امتحان یا انٹرویو کو پاس کرنا ہوگا۔داخلے کی حتمی منظوری کے بعد ڈپلومہ فیس وصول کی جائے گی۔ 
ڈاکٹر السلومی نے بتایا کہ حج و عمرہ بزنس مینیجمنٹ ڈپلومہ ہولڈرز کو وزارت حج و عمرہ، حرمین ایکسپریس ٹرین، مشاعر مقدسہ ٹرین، معلمین کے اداروں، داخلی معلمین، حج، عمرہ پر آنے والوں کی دینی آگہی کے اداروں میں ملازمتیں مہیا ہوں گی۔ علاوہ ازیں حج و عمرہ آپریشن کے لیے معاون منتظم، حج و عمرہ معاون افسر کا کام بھی ملے گا جبکہ حج اور عمرے کے معلمین کے کام بھی ان کے لیے مہیا ہوں گے۔ ہاؤسنگ کنٹرولر اور خوراک کنٹرولر کی اسامیوں پر بھی ان کی تقرری ہوگی۔ 

 

خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: