ایمان ویلانی مسلمان ’سپر ہیرو‘ کے طور پر کاسٹ
سپر ہیرو ’کمالہ خان‘ کا کردار ایمان ویلانی نبھائیں گی۔ فوٹو: عرب نیوز
امریکہ کی ملٹی نیشنل کمپنی والٹ ڈزنی نے پاکستانی نژاد امریکی نوجوان لڑکی کے کردار پر مبنی فلم کے لیے اداکارہ کا انتخاب کر لیا ہے۔
والٹ ڈزنی کی امریکی کامک ’مس مارول‘ سیریز پر مبنی فلم کا کردار ’کمالہ خان‘ مسلمان اداکارہ ایمان ویلانی نبھائیں گی۔
کمالہ خان مس مارول سیریز کی پہلی مسلمان سپر ہیرو ہیں جن کا تعلق پاکستان سے دکھایا گیا ہے۔
فلم میں پاکستانی نژاد امریکی کمالہ خان کا تعلق ایسے خاندان سے دکھایا گیا ہے جو پاکستان سے امریکہ منتقلی کے بعد ریاست نیو جرسی میں رہائش پذیر ہے۔
کمالہ خان کا کردار ایسی قدرتی صلاحیتوں کا مالک ہے جو اپنا حلیہ تبدیل کرتے ہوئے دنیا کو بہتر بنانے کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔
پاکستانی نژاد امریکی کمالہ خان کا کردار تخلیق کرنے والی جی جی ولسن بھی مسلمان ہیں جنہوں نے اس کردار کے ذریعے امریکہ میں رہنے والی ایک مسلمان نوجوان لڑکی کی زندگی کی عکاسی کی ہے۔
اداکارہ ایمان ویلانی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر کردار کے لیے انتخاب کی خبر شیئر کرتے ہوئے حیرت اور خوشی کا اظہار کیا۔
فلم کے کردار ’کمالہ خان‘ کی طرح اداکارہ ایمان ویلانی کا تعلق بھی پاکستان سے ہے جن کا خاندان کئی سال پہلے کینیڈا منتقل ہو گیا تھا۔
مس مارول کامک سیریز کا کردار کمالہ خان پہلی مرتبہ 2014 میں منظر عام پر آیا تھا جس پر والٹ ڈزنی فلم بنانے جا رہا ہے جو اگلے سال 2021 میں ریلیز ہوگی۔
کمالہ خان کی کہانی ایسے کردار کی عکاسی کرتا ہے جو اپنی مسلمان شناخت اور ثقافت پر سمجھوتہ کیے بغیر مغربی معاشرے میں متوازن زندگی گزار رہا ہے۔
اس سے قبل والٹ ڈزنی گرین لینٹرن اور نائٹ رنرز نامی مسلمان سپر ہیروز کے کرداروں پر فلمیں بنا چکا ہے۔