شام کی فلم ڈائریکٹر ’100 بااثر ترین شخصیات‘ میں شامل
وعد الخطیب کی فلم دسمبر آسکر اکیڈمی ایوارڈز کے لیے بھی نامزد ہوئی تھی۔ فوٹو: اے ایف پی
امریکی میگزین ٹائم نے شام سے تعلق رکھنے والی فلم ڈائریکٹر وعد الخطیب کو سال 2020 کی ’100 بااثر شخصیات‘ کی فہرست میں شامل کیا ہے۔
ایوارڈ یافتہ فلم ڈائریکٹر وعد الخطیب کی شام کے علاقے حلب کے جنگی حالات پر مبنی فلم ’سما کے لیے‘ مختلف بین الاقوامی ایوارڈز کے لیے نامزد ہوئی تھی۔
2019 میں اس ڈاکومنٹری فلم نے برٹش اکیڈمی فلم ایوارڈز کی چار مختلف کیٹگریز کے لیے نامزد ہو کر تاریخ رقم کی تھی۔ اس سے قبل کوئی بھی ڈاکومنٹری فلم بیک وقت متعدد کیٹگریز کے لیے نامزد نہیں کی گئی۔
فلم سے متعلق انسٹا گرام اکاؤنٹ پر وعد الخطیب کے بااثر ترین شخصیات میں شمار ہونے کی خبر شیئر کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ فلم ڈائریکٹرز کے اس طاقت ور گروپ کا حصہ بننے پر فخر ہے۔
ایوارڈ یافتہ فلم ’سما کے لیے‘ وعد الخطیب کی شام کے شہر حلب میں گزاری گئی زندگی کی عکاسی کرتی ہے۔ فلم میں انہوں نے حلب کے محاصرے اور خانہ جنگی کے دوران شہریوں کی تکالیف کو ایک عورت کی نظر سے دکھایا ہے۔
فلم ’سما کے لیے‘ 2019 میں برٹش اکیڈمی فلم ایوارڈز کی چار مختلف کیٹگریز کے لیے نامزد ہوئی تھی جس میں بہترین برطانوی فلم، برطانوی مصنف، ڈائریکٹر اور ہدایتکار کی پہلی بہترین فلم، غیر انگریزی بہترین فلم، اور بہترین ڈاکومنٹری شامل ہیں۔
وعد الخطیب کی یہ فلم دسمبر 2019 میں آسکر اکیڈمی ایوارڈز کے لیے بھی نامزد ہوئی تھی۔ فلم ’سما کے لیے‘ اب تک متعدد ایوارڈز جیت چکی ہے۔
باخبر رہیں، اردو نیوز کو ٹوئٹر پر فالو کریں