Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات: غیر ملکی ورکرز کے ورک پرمٹس اور اینٹری پرمٹس بحال

امارات نے وبا پر قابو پانے کے لیے مارچ میں پرمٹس معطل کر دیے تھے (فوٹو: اے ایف پی)
متحدہ عرب امارات نے سرکاری اور نیم سرکاری اداروں میں کام کرنے والے غیر ملکی ملازمین کو ورک پرمٹس اور اینٹری پرمٹس دینے کا دوبارہ آغاز کر دیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق نیشنل ہیلتھ ایمرجنسی کرائسس اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے یہ بیان پیر کو ٹوئٹر پر جاری کیا۔

 

متحدہ عرب امارات نے کورونا وائرس کی وبا پر قابو پانے کے لیے مارچ میں ہر طرح کے پرمٹس معطل کر دیے تھے۔
تیل سے مالامال ملک متحدہ عرب امارات میں لاکھوں غیر ملکی کارکن اور ملازمین کام کرتے ہیں۔
امارات نے کورونا وائرس کے باعث نئے ویزے کے اجرا اور  ملک میں غیر ملکیوں کے داخلے پر پابندی لگا رکھی تھی۔
متحدہ عرب امارات میں کورونا وائرس سے اب تک 99 ہزار 733 افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ 429 اموات ہوئی ہیں۔
متحدہ عرب امارات کی جانب سے ملک میں غیر ملکیوں کے داخلے کے لیے ویزے 24 ستمبر سے دوبارہ  کھولے گئے ہیں۔
اس سے قبل جمعے کو دبئی میں حکام نے سفر کے حوالے سے نئے ضوابط کا اعلان کیا تھا۔
عرب نیوز نے دبئی میڈیا آفس کے حوالے سے بتایا تھا کہ دبئی آنے والوں کے لیے دبئی سے جاتے وقت پی سی آر ٹیسٹ کی شرط ختم کر دی گئی ہے۔
اب ایسے افراد کو جو کہ دوسری جگہوں سے دبئی آتے ہیں انہیں صرف آمد کے وقت ٹیسٹ کرانا پڑے گا۔
تاہم سیاحوں اور شہریوں کے لیے دبئی آمد پر پی سی آر ٹیسٹ کرانا لازمی ہوگا۔
باخبر رہیں، اردو نیوز کو ٹوئٹر پر فالو کریں

شیئر: