مسجد الحرام میں معذوروں اور بزرگوں کے لیے سپیشل ٹریک
جمعرات 8 اکتوبر 2020 15:14
مسجد الحرام کے زائرین کا استقبال سخت حفاظتی تدابیر کے ساتھ کیا جا رہا ہے:فائل فوٹو
سعودی عرب میں مقدس مساجد کی انتظامیہ کے ترجمان ھانی حیدر نے کہا ہے کہ حرم انتظامیہ نے معذوروں اور بزرگوں کے لیے سپیشل ٹریک قائم کیا ہے تاکہ وہ سہولت اور آسانی سے طواف اور سعی کر سکیں۔
اخبار 24 کے مطابق ھانی حیدر نے بتایا کہ انتظامیہ نے معذوروں اور بزرگوں کے مسجد الحرام تک پہنچنے کے لیے بھی سپیشل ٹریک کا انتظام کیا ہے۔
ھانی حیدر کا کہنا ہے کہ انتظامیہ مسجد الحرام کی اعلی طریقے سے صفائی اور سینیٹائزنگ کا اہتمام دن رات کر رہی ہے۔
چار ہزار سے زیادہ ورکرزمطاف، صفا اور مروہ کے درمیانی علاقے، بیرونی صحنوں اور داخلی دالانوں کی دھلائی اور سینیٹائزنگ پورے دن میں دس بار کر رہے ہیں۔
اس سے قبل جنرل پریذیڈنسی کے ترجمان نے بیان میں کہا تھا کہ عمرہ سیزن کے پہلے مرحلے میں چار نکاتی سکیم پر نظر رکھی گئی جو وائرس سے بچاؤ، قافلہ بندی، آگہی اور صفائی و سینیٹائزنگ پر مشتمل تھی۔
مسجد الحرام کے زائرین کا استقبال سخت حفاظتی تدابیر کے ساتھ کیا جا رہا ہے۔
وزارت حج و عمرہ کے تیار کردہ پروگرام کے مطابق مسجد الحرام کے دروازے مرحلہ وار کھولے جا رہے ہیں-
باخبر رہیں، اردو نیوز کو ٹوئٹر پر فالو کریں