Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہائبرڈ وار کا ہدف قومی قیادت ہے: آرمی چیف

آرمی چیف کا کہنا ہے کہ پاکستان کو ہمہ وقت ہائبرڈ وار کا سامنا ہے (فائل فوٹو)
پاکستان کی بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ آئین و قانون کی رہنمائی میں منتخب حکومت کی مدد جاری رکھیں گے۔ پاکستان آرمی ہماری قابلِ فخر قوم کی خوبصورت اور حقیقی عکاس ہے۔ امن کے لیے بھاری قیمت ادا کی، اپنے لہو سے اس کی حفاظت کریں گے ۔
پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں سنیچر کو پاسنگ آوٹ پریڈ سے بحیثیت مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بحیثیت قوم ہمیں حالات کا ادراک ہے اور ہم درست سمت میں جا رہے ہیں۔ اپنے فرائض پورے کرتے رہیں گے۔

 

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ وہ دُشمن جو ہماری تباہی کا منصوبہ بنائے بیٹھے تھے، مایوسی سے ہماری کامیابیوں کو دیکھ رہے ہیں۔ ہمارے دُشمن اپنے عزائم میں ناکام ہونے کے بعد دل شکستہ ہیں اور مایوسی میں پاکستان کو ہمہ وقت ہائبرڈ وار کا سامنا ہے۔
’اس ہائبرڈ وار کا ہدف عوام ہیں اور میدانِ جنگ انسانی ذہن ہیں، ہر سطح پر قومی قیادت ہائبرڈ وار کا ہدف ہے، اصولوں اور روایات پر عمل پیرا ہو کر ہی آپ اِس ہائبرڈ وار کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔‘
جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ ’ذات پات، مذہب اور لسانیت سے برتر ہم سب پاکستان کے سپاہی ہیں، اتحاد ہماری قوت ہے اور انشااللہ ہم سب متحد ہیں، ہائبرڈ وار کا مقصد پاکستان میں اِس اُمید کی فضا کو ٹھیس پہنچانا ہے۔‘
 انہوں نے کہا کہ ’میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ یہاں سب کچھ اچھا ہوگا، پاکستانی قوم نے ہمیشہ چیلنجز کو کامیابیوں میں تبدیل کیا ہے اور انشا اللہ اب بھی کریں گے۔‘

قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ہر سطح پر قومی قیادت ہائبرڈ وار کا ہدف ہے (فوٹو: پی ایم آفس)

پاکستانی فوج کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ہائبرڈ وار کو مثبت تنقید سے نہ ملائیں، بحیثیت قوم ہمیں حالات کا ادراک ہے اور ہم درست سمت میں جا رہے ہیں۔ آج پاکستان دفاعی لحاظ سے ایک مضبوط پاکستان ہے، ہمیں جس کام کے لیے بھی فرائض سونپے گئے ہم نے پورے کیے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی فوج دنیا بھر میں اپنی حربی صلاحیتوں کی وجہ سے جانی جاتی ہے۔ ہماری فوج نے فروری 2019 میں اپنے سے پانچ گنا بڑے دُشمن کو ہزیمت سے دوچار کیا، پاکستان آرمی ہماری قابلِ فخر قوم کی خوبصورت اور حقیقی عکاس ہے۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان میں کوئی بھی کسی اور کے لیے جواب دہ نہیں، لیکن میں اسے اعزاز سمجھتا ہوں کہ ہم قوم کے سامنے ایک قابلِ اعتماد اور جواب دہ ادارے کے طور پر حاضر رہتے ہیں، لہٰذا تمام کامیابیوں اور چیلنجز کے باوجود جب بھی وطن اور قوم کو ہماری ضرورت پڑی، ہم نے بہترین نتائج کے لیے اپنا آپ پیش کر دیا۔

پاکستانی فوج کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ہم نے امن کے لیے بھاری قیمت ادا کی ہے (فوٹو: اے ایف پی)

پاکستانی فوج کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ہم نے امن کے لیے بھاری قیمت ادا کی ہے اور امن قائم رکھنے کے لیے لہو سے اس کی حفاظت یقینی بنائیں گے۔
’دُنیا کے بہت سے ممالک کی طرح پاکستان کو جنگ، دہشت گردی اور معاشی شکنجے کا سامنا کرنا پڑا، لیکن بہت سے ممالک اِن مشکلات کا سامنا نہ کر سکے اور بکھر گئے۔‘
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ان تمام سازشوں اور مشکلات کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، اب وقت ہے کہ متحد ہو کر اور اپنی تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر پاکستان کو خوش حالی اور ترقی کی راہ پر گامزن کریں، اِسی ہدف کو مدِنظر رکھتے ہوئے قائد کے وژن کے مطابق پاکستان نے علاقائی اور عالمی امن کے لیے بھرپور کوششیں کی۔

شیئر: