’اپوزیشن نے قانون توڑا تو جیل ہوگی‘
وزیراعظم عمران خان نے کنونشن سنٹر میں تحریک انصاف سے منسلک وکلا سے خطاب کیا۔ فوٹو: ویڈیو گریب
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ انہیں فوج سے کوئی مسئلہ نہیں کیونکہ آئی ایس آئی کو پتہ ہے کہ وہ کیسی زندگی گزار رہے ہیں۔
جمعے کو اسلام آباد کے کنونشن سینٹر میں انصاف لائرز فورم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’اپوزیشن فوج کے خلاف جو زبان استعمال کر رہی ہے وہی انڈیا کا ایجنڈا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ نواز شریف اس لیے فوج کے خلاف ہیں کیونکہ آئی ایس آئی ان کی چوریوں کے بارے میں سب کچھ جانتی ہے اس لیے ان کی ہر آرمی چیف سے لڑائی رہی۔
انھوں نے کہا کہ ’نواز شریف فوج کو پنجاب پولیس بنانا چاہتے ہیں۔‘
وزیراعظم نے اپوزیشن کی تحریک کے حوالے سے کہا کہ یہ لوگ کچھ نہیں کر سکتے، ان کا خیال ہے لوگ ان کا ساتھ دیں گے لیکن لوگ کسی کی چوریاں بچانے کے لیے گھروں سے نہیں نکلتے۔
انہوں نے حزب اختلاف کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ وہ جتنے مرضی جلسے کر لے لیکن اس نے جہاں بھی قانون توڑا یہ سب سیدھے جیل جائیں گے۔
’اس بار وی آئی پی جیل نہیں جائیں گے بلکہ وہاں جائیں گے جہاں عام قیدی رکھے جاتے ہیں‘
عمران خان نے اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پی ڈی ایم کے بارے میں کہا کہ یہ لوگ اس لیے عدلیہ اور فوج کو برا بھلا کہہ رہے ہیں کہ ان کو این آر او مل جائے۔
’اگر ان کو این آر او مل گیا تو یہ پاکستان کی تباہی ہوگی، اس سے ملک نیچے جائے گا۔
انہوں نے نواز شریف کے بیرون ملک جانے کے حوالے سے بتایا کہ ان کو نواز شریف کی اتنی بیماریاں بتائی گئی تھیں کہ جن کو سن کر کابینہ اجلاس میں وفاقی وزیر شیریں مزاری کی آنکھوں میں آنسو آ گئے تھے۔
’ہمیں خوف آ گیا کہ وہ جہاز کی سیڑھیاں بھی چڑھ سکیں گے یا نہیں، جیسے ہی انہیں لندن کی ہوا لگی ایک اور نواز شریف نکل آیا۔‘
پاکستان کے وزیراعظم نے کہا کہ نواز شریف کہتے ہیں کہ آئی ایس آئی کے جنرل ظہیرالاسلام نے انہیں استعفیٰ دینے کا کہا ’تو آپ نے چپ ہو کے کیوں سنا کیونکہ ظہیرالاسلام کو پتہ ہے کہ آپ نے کتنا پیسہ چوری کیا ہے۔‘