المسمی کوہستانی سلسلہ قدرتی تفریح گاہ، ہائیکنگ اور کوہ پیمائی کے لیے مناسب مقام ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں حائل کے مغرب میں المسمی کوہستانی سلسلہ سیاحوں اور ستاروں کی گردش کے شائقین کا مرکز بنا ہوا ہے۔
مختلف شکل و صورت کی چٹانیں اور ان کے تاریخی نقوش دیکھنے کے لیے لوگ دور دور سے پہنچ رہے ہیں۔
عاجل ویب کے مطابق المسمی پہاڑ حائل کے مغرب میں 180 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ یہ جنوب میں العقرقوب پہاڑ سے لے کر شمال میں النفود الکبیر تک چلا گیا ہے۔
یہ کوہستانی سلسلہ ماضی قریب میں’ بجبال محجر‘ کے نام سے مشہور تھا۔ اس کے معنی ہیں کہ ایسا پہاڑ جس کا احاطہ ریگستان نے کیا ہوا ہو۔
اس کوہستانی سلسلے کی چٹانوں پر تاریخی نقوش اور شواہد بہت اہم ہیں۔ یہ کہکشاؤں اور ستاروں کی گردش دیکھنے کے لیے بہترین پہاڑ مانے جاتے ہیں۔
یہ کوہستانی سلسلہ دیکھنے کے لیے مملکت کے مختلف علاقوں، خلیجی ریاستوں اور دنیا بھر سے فوٹوگرافر اور شائقین آرہے ہیں۔
کوہستانی سلسلہ مغربی سیاحوں کی دلچسپی کا مرکز رہا ہے۔ ان میں جرمن سیاح لوئیس اور فرانسیسی سیاح تشارلز ہوبز 1884 میں آئے جب کہ انگریز اور چیکا سیاح 1845 میں یہاں پہنچے تھے۔ اطالوی سیاح نے 1860 میں یہاں کا سفر کیا تھا۔
جرمن اور فرانس کے سیاحوں نے 135 برس قبل اس کوہستانی سلسلے کا تحقیقی مطالعہ کیا تھا۔ انہوں نے یہاں عربی اور نبطی زبانوں کے نقوش اور بیس جانوروں کی شکلوں کی تصاویر اپنے سیاحت ناموں میں دی تھیں۔
المسمی کوہستانی سلسلہ قدرتی تفریح گاہ، ہائیکنگ اور کوہ پیمائی کے لیے مناسب مقام ہے۔