’تجربہ خوشگوار نہیں مگر جلد ٹھیک ہوجاؤں گی‘
اتوار 11 اکتوبر 2020 20:19
علیزے گبول کا کہنا ہے کہ انہوں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا ہے (فوٹو : انسٹاگرام)
کورونا وائرس کے دوران دنیا بھر کے اداکاروں اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے ستاروں نے اپنے مداحوں کو سماجی رابطے کی مختلف ویب سائٹس کے ذریعے باخبر رکھا۔ پاکستانی اداکاروں اور ماڈلز نے بھی انسٹاگرام کا کافی استعمال کیا، ماڈلنگ کے شعبے سے وابستہ علیزے گبول نے بھی حال ہی میں فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پراپنی تصویر شئیر کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ’ میں بہت جلد عالمی وبا کورونا وائرس کو شکست دینے میں کامیاب ہوجاؤں گی۔‘
انسٹاگرام پر اپنی سیلفی شیئر کرتے ہوئے ماڈل علیزے گبول نے لکھا کہ ’مجھے آئسولیٹ ہوئے 10 دن گُزر گئے ہیں اور میرے لیے یہ تجربہ کچھ خاصا خوش گوار نہیں رہا لیکن الحمد للہ مداحوں کی دُعاؤں نے مجھے بہت ہمت اور حوصلہ دیا ہے۔‘
اس حوالے سے مزید بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’مجھے اُمید ہے کہ میں بہت جلد کورونا وائرس کو شکست دینے میں کامیاب ہوجاؤں گی۔‘
یاد رہے کہ ماڈل علیزے گبول نے کچھ دن قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے فالوورز اور مداحوں کو کورونا وائرس کی تشخیص کی خبر دیتے ہوئے بتایا تھا کہ ’اُن کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔‘
عالمی وبا کی علامات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا تھا کہ اس وائرس کی علامات تیز بخار سے ظاہر ہونا شروع ہوئیں لیکن اب وہ ٹھیک ہیں اور انہوں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا ہے۔