آئی فون میں پہلی مرتبہ فائیوجی ٹیکنالوجی متعارف کرائی گئی ہے (فوٹو ایپل)
سمارٹ فونز کی دنیا کی لیڈنگ کمپنیوں میں سے ایک ایپل نے نسبتا تاخیر سے نیا آئی فون جاری کیا تو اس نے بہت سوں کو مطمئن کیا البتہ کچھ ایسے بھی ہیں جو ڈیزائن سے مطمئن دکھائی نہیں دیتے۔
ایپل کی جانب سے آئی فون 12 کو متعارف کرایا گیا تو نیا فون فائیوجی ٹیکنالوجی کا حامل ہونے کی وجہ سے کمپنی کو توقع ہے کہ آئی فونز کے سابقہ صارفین بھی نئے سیٹ میں دلچپسی لیں گے جو فروخت پر اچھا اثر ڈالے گی۔
ٹیکنالوجی ماہرین اور ناقدین کو توقع ہے کہ نئے فون سے یہ بات بھی طے ہو جائے گی کہ ایپل فائیو جی مارکیٹ میں آنے کے بعد صارفین کی توقعات کتنی کچھ پورا کر سکے گا۔
ایپل کا کہنا ہے کہ اس نے آئی فون 12 کو عالمی طور پر 30 مختلف علاقوں کے 800 کیریئرز کے ذریعے ٹیسٹ کیا ہے۔
آئی فون 12 میں نیا کیا؟
آئی فون 12 اور آئی فون منی قیمت کے لحاظ سے نسبتا کم ہیں، دونوں سیٹس میں عقبی جانب دو کیمرے ہیں۔ جب کہ پرو ماڈلز توقع کے مطابق زیادہ قیمت کے ساتھ سامنے لائے گئے ہیں۔ ان دونوں سیٹس میں تین کیمروں کے ساتھ آبجیکٹ ڈیٹیکشن اور ماڈلنگ کے لیے خصوصی سکینر بھی موجود ہے۔
آئی فون 12 چھ اعشاریہ ایک انچ ڈسپلے کے ساتھ متعارف کرایا گیا ہے۔ جب کہ آئی فون 12 کا منی ورژن پانچ اعشاریہ چار انچ ڈسپلے کا حامل ہے۔
آئی فون 12 کا پرو ورژن تین کیمروں کے ساتھ متعارف کرایا گیا ہے، اس کا ڈسپلے سائز آئی فون 12 جتنا ہی ہے البتہ وزن معمولی سا زیادہ ہو گا۔ سب سے بڑے سیٹ ’آئی فون پرومیکس’ کا ڈسپلے سائز چھ اعشاریہ سات انچ رکھا گیا ہے۔
تمام سیٹس میں نصب کیمرے 12 میگاپکسل کے ہیں۔ نئے آئی فون سیٹس کے سامنے کا کیمرہ بھی 12 میگاپکسل کا ہے جب کہ ویڈیو کیپچرنگ کا ریشو فور کے رکھا گیا ہے۔
چاروں سیٹس ایپل کے آئی او ایس 14 کے ساتھ متعارف کرائے گئے ہیں۔
آئی فون 12 اور آئی فون 12 منی 64، 128 اور 256 جی بی سٹوریج کے ساتھ متعارف کیے گئے ہیں جب کہ پرو اور پرو میکس میں 128، 256 اور 512 جی بی کی سٹوریج فراہم کی گئی ہے۔
بیٹری کی قسم یا کوئی اور تفصیل بتائے بغیر ایپل کی جانب سے صرف اتنا کہا گیا ہے کہ نئے فونز کی بیٹری پر 15 گھنٹے کے لیے ویڈیو پلے بیک ہو سکے گی۔ میگ سیف باڈی اور مزید مضبوط سرامک ڈسپلے کے ساتھ وائرلیس چارجنگ اور نینو سم کے ساتھ ساتھ ای سم کی وجہ سے نئے سیٹس ڈوئل سم ہیں۔
نئے آئی فون سیٹس کی قیمت کیا؟
نئے آئی فون کی قیمت 799 ڈالر مقرر کی گئی ہے۔ آئی فون منی کی قیمت نسبتا کم 699 ڈالر رکھی گئی ہے۔ آئی فون پرو کی قیمت 999 ڈالر سے شروع ہو گی جب کہ پرومیکس کی قیمت ایک ہزار 99 ڈالر سے لے کر 1399 ڈالر ہو گی۔
آئی فون سیٹس کے پری آرڈرز، ڈیلیوری کب؟
نئے آئی فون سیریز میں شامل آئی فون 12 اور آئی فون 12 پرو کے لیے امریکہ، برطانیہ، چین اور کچھ دیگر ملکوں میں پری آرڈرز 16 اکتوبر سے جب کہ ڈیلیوریز کا سلسلہ 23 اکتوبر سے شروع ہو گا۔
آئی فون منی اور آئی فون پرو میکس کے پری آرڈر چھ نومبر سے شروع ہوں گے جب کہ سٹورز میں دستیابی 13 نومبر تک ہو گی۔
توقعات جو پوری نہ ہو سکیں
ایپل کے آئی فون باکس میں ہیڈفون اور چارجز نہ ہونے کا ذکر کرنے والے صارفین نے اس معاملے پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔ اگر چہ ایپل نے فون سننے کے لیے الگ سے ڈیوائس بھی متعارف کرائی ہے تاہم اسے لینے کے لیے خواہشمند افراد کو الگ سے ادائیگی بھی کرنا ہو گی۔
صارفین نے نئے آئی فونز کی شکل میں تبدیلی پر بھی ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا۔ نسبتا گولائی کے حامل کناروں کے بجائے ہموار سائیڈز کے ساتھ سامنے آنے والے سمارٹ فونز کو کچھ سوشل میڈیا یوزرز نے ’ایڈوانس قسم کا آئی فون فائیو‘ قرار دیا۔