مسجد الحرام و مسجد نبوی امور کی جنرل پریذیڈنسی نے اعلان کیا ہے کہ وہ مقدس مساجد میں کورونا وائرس سے بچاؤ اور سینیٹائزنگ کے لیے سمارٹ روبوٹس کی تعدا د میں اضافہ کرے گی۔
جنرل پریذیڈنسی کے مطابق مسجد الحرام کو جراثیم سے پاک کرنے اور ایک محفوظ اور صحت مند ماحول کے حصول کے لیے روزانہ 4500 لیٹر سے زیادہ سٹرلائزیشن مواد استعمال کیا جا رہا ہے۔
جنرل پریذیڈنسی میں ماحولیاتی تحفظ اور وبائی امراض کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر حسن السویری نے عرب نیوز کو بتایا کہ پریذیڈنسی مسجد الحرام میں آپریشنز کے عمل کو تیز کرنے کے لیے اعلیٰ ترین سطح پر تیاری اور احتیاطی تدابیر کو بروئے کار لانے کے اعلیٰ معیار پر کام کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پریذیڈنسی زائرین کے لیے محفوظ اور صحت مند ماحول بنانے کے تمام انتظامات کا جائزہ لے رہی ہے جس سے وہ اپنے تمام کام آسانی سے انجام دے سکیں۔
حسن السویری نے کہا کہ جدید ترین ٹیکنالوجی آلات کے ذریعے سینیٹائزنگ کے لیے خصوصی روبوٹ استعمال کیے گئے۔
انہوں نے کہا ’ سمارٹ روبوٹ جو ماحولیاتی تحفظ کے لیے استعمال ہو رہے ہیں- یہ پہلے سے نقشے پر مبنی خود کار طریقے سے کنٹرول سسٹم کے ساتھ کام کرتے ہیں اور اس میں اعلیٰ کارکردگی والے ایٹمائزیشن یونٹ ہوتے ہیں۔‘
حسن السویری نے کہا کہ روبوٹ کا اجرا کورونا وائرس اور دیگر بیماریوں اور وبائی امراض کے پھیلاؤ کو کم کرنے میں معاون ثابت ہو گا۔
روبوٹ چھ سطحوں پر داخلی سٹرلائزیشن کا کام انجام دیتا ہے یہ ماحولیاتی صحت کی طاقت اور حفاظت میں بہتری لاتا ہے اور استعمال کے منظر ناموں کے مطابق صفائی کی ضروریات کا ذہانت سے تجزیہ کرتا ہے۔ یہ بغیر کسی مداخلت کے پانچ سے آٹھ گھنٹے تک کام کرتا ہے۔
اس میں 23.8 لٹر لیکویڈ رکھنے کی گنجائش ہے۔ ایک گھنٹے میں دو لٹر دوا کا سپرے کرتا ہے۔ ایک بار 600 مربع میٹر کے بند حصے میں موجود بیکٹریا کا خاتمہ کر دیتا ہے۔ 10 میٹر آگے تک کی رکاوٹوں کا پتہ لگا لیتا ہے۔
مزید پڑھیں
-
حرم مکی کے لیے جدید تجرباتی سینیٹائزنگ گیٹسNode ID: 477156
حسن السویری نے کہا ’مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے امور کے لیے جنرل پریذیڈنسی میں ورک ٹیمیں موجود ہیں جو اپنے علاقے کے تناسب سے مسجد الحرام میں سمارٹ روبوٹ کی تعداد میں اضافے کے امکان کا مستقل مطالعہ کرتی ہیں۔‘
جنرل پریذیڈنسی میں ماحولیاتی تحفظ اور وبائی امراض کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر نے کہا کہ اس ٹیکنالوجی نے انسانی مداخلت کو کم کیا اور ماحول کی حفاظت کی پیمائش کی جس کے لیے مسلسل سٹرلائزیشن اور جراثیم کشی کی ضرورت ہے۔
انہوں نے زائرین سے مطالبہ کیا کہ وہ سیکورٹی، صحت اور احتیاطی تدابیر کے نفاذ میں مدد کے لیے ضوابط اور ہدایات پر عمل کریں جس کا مقصد بنیادی طور پر ان کی خدمت کو یقینی بنانا ہے۔