Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’نواز شریف نے پاکستانی فوج پر حملہ کیا‘

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نیا عمران خان دیکھے گی، اب مقابلہ کر کے دکھاؤں گا (فوٹو: فیس بُک)
سنیچر کو کنونشن سینٹر اسلام آباد میں ٹائیگر فورس کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ گذشتہ رات گوجرانوالہ میں سرکس ہوئی، اس سرکس میں بڑے فنکار تھے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے 11 سال پہلے پیش گوئی کی تھی کہ یہ سارے اکٹھے ہو جائیں گے، نواز شریف اور آصف زرداری ایک ہو جائیں گے۔ 
عمران خان نے تقریب میں اپنے ایک پرانے انٹرویو کا کلپ بھی چلوایا جس میں وہ کہہ رہے ہیں کہ ’ایک روز نواز شریف اور آصف زرداری ایک ہو جائیں گے کیونکہ ان کے مفادات ایک ہیں۔‘ مزید پڑھیں

 

’نواز شریف خود تو دُم دبا کر ملک سے بھاگ کر لندن چلے گئے تھے اور اب وہ آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی کے خلاف جلسوں میں باتیں کر رہے ہیں۔‘
وزیراعظم نے کہا کہ نواز شریف نے جنرل قمر جاوید باجوہ پر نہیں بلکہ پاکستان کی فوج پر حملہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف وہی باتیں کر رہے ہیں جو انڈیا کے وزیراعظم نریندر مودی پاکستانی فوج کے خلاف کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف اس فوج پر تنقید کر رہے ہیں جس کے پرسوں ہی 20 سکیورٹی اہلکاروں نے ملک کے لیے جان دی ہے۔‘
وزیراعظم نے کہا کہ ’نواز شریف کچھ جنرلوں اور ججوں کا نام لے کر فوج اور عدلیہ میں انتشار پھیلانا چاہتے ہیں۔‘
عمران خان نے کہا کہ آج سے ان کی پوری کوشش ہو گی کہ نواز شریف کو اس ملک میں واپس لایا جائے، اب انہیں عام جیل میں ڈالا جائے گا، وی آئی پی جیل نہیں ملے گی۔‘

عمران خان نے کہا کہ ’میں نے 11 سال پہلے کہا تھا کہ نواز شریف اور آصف زرداری اکٹھے ہو جائیں گے‘ (فوٹو: اے ایف پی)

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ’یہ لوگ کوشش کررہے ہیں کہ فوج اور عدلیہ میں انتشار پھیلائیں، نوازشریف جوگیم کھیل رہے ہیں، اس کا پتا ہے۔‘
’آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے مشکل وقت میں حکومت کی مدد کی، بارشوں اور کورونا کے دوران حکومت کی مدد کی، ساری خارجہ پالیسی میں پاکستانی فوج اور آرمی چیف جنرل باجوہ ہمارے ساتھ کھڑے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ عدالتیں روزانہ کی بنیاد پر سماعت کر کے طویل عرصے سے زیر التوا کرپشن کے کیسز کے جلد فیصلے کریں۔
’نیب نے اچھے کام بھی کیے ہیں تاہم میں نیب سے کہتا ہوں کہ وہ کرپشن کے مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچائے۔‘
وزیراعظم نے کہا کہ ’عدلیہ اور نیب آزاد ادارے ہیں تاہم میرے ماتحت جو حکومتی ادارے ہیں انہیں تیار کروں گا اور اِن چوروں کو پکڑیں گے۔‘

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مریم نواز اور بلاول بھٹو کبھی لیڈر نہیں بن سکتے (فوٹو: اے ایف پی)

انہوں نے کہا کہ ’اپوزیشن کی کل کی سرکس کے بعد اب نیا عمران خان بھی سامنے آ گیا ہے۔ اب اپوزیشن نئے عمران خان کو دیکھے گی، اب میں مقابلہ کر کے دکھاؤں گا۔‘
’اب کرپشن کے مقدمات میں جیلوں میں قید ملزمان اور کسی ڈاکو کو کوئی پروڈکشن آرڈر نہیں ملے گا۔‘
انہوں نے شہباز شریف کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کی 23 ارب روپے کی کرپشن کے ثبوت ملے ہیں۔
عمران خان نے بلاول بھٹو زرادری اور مریم نواز کا نام لیے بغیر کہا کہ میں بچوں کی تقریر پر بات نہیں کروں گا۔
’دونوں نے زندگی میں ایک گھنٹہ کام نہیں کیا، دونوں اپنے والد کی حرام کی کمائی پر پلے بڑھے ہیں۔ جو انسان جدوجہد نہ کرے وہ لیڈر نہیں بن سکتا۔‘

وزیراعظم عمران خان نے اپوزیشن کے جلسے کو ’سرکس‘ قرار دیا (فوٹو: اے ایف پی)

مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف کا نام لیے بغیر انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ کا ایک رنگ باز جو جلسے میں بڑی بڑھکیں لگا رہا تھا نے انتخابات کے دن آرمی چیف کو فون کیا اور کہا کہ میں الیکشن ہار رہا ہوں۔
انہوں نے فضل الرحمان کا نام لیے بغیر کہا کہ میں گیارہویں کھلاڑی پر کیا بات کروں۔
انہوں نے ٹائیگر فورس کے رضا کاروں سے خطاب میں کہا کہ ملک میں مہنگائی کی بہت ساری وجوہات ہیں، ہمارے روپے کی قدر کم ہوئی۔
’جب ہمیں اقتدار ملا تو 40 ارب ڈالر کا خسارہ تھا، جب یہ خسارہ ہوتا ہے تو ڈالر کی کمی ہوتی ہے اور روپے کی قدر کم ہوجاتی ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ایسے میں بیرون ملک سے جو اشیا درآمد کی جاتی ہیں وہ مہنگی ہوجاتی ہیں، ہم دالیں باہر سے خریدتے ہیں وہ مہنگی ہوگئیں۔

عمران خان نے ٹائیگر فورس سے کہا کہ ’انہوں نے ذخیرہ اندوزی اور مہنگائی کے خلاف کام کرنا ہے‘ (فوٹو: اے ایف پی)

وزیراعظم نے مزید کہا کہ تھوڑے سے لوگ چینی سے مال بناتے ہیں لیکن وہ طاقت ور ہیں، شریف اور زرداری خاندان کی شوگر ملیں ہیں، ان کی من مانی ہوتی تھی لیکن اب ہم جو پلان لے کر آرہے ہیں، اس سے آئندہ مہنگی چینی نہیں ملے گی۔
عمران خان نے ٹائیگر فورس کے رضا کاروں سے کہا کہ انہوں نے ذخیرہ اندوزی اور مہنگائی کے خلاف کام کرنا ہے مگر صرف اس حد تک کہ تصویر لے کر پورٹل پر بھیج دینی ہے۔
’آپ نے خود کچھ اور نہیں کرنا، کارروائی انتظامیہ کرے گی، جس دکاندار نے نرخ نامہ نہ لگایا ہو اس کی بھی تصویر بھجوانی ہے۔‘
’آپ نے خود کارروائی نہیں کرنی کیونکہ ایسا ہوا تو جعلی لوگ دکان داروں کو بلیک میل کرنا شروع کر دیں گے۔‘

شیئر: