بحرین اور اسرائیل کے درمیان 7 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط
اتوار 18 اکتوبر 2020 23:09
بحرین نے اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات کا معاہدہ کیا ہے۔( فوٹو ٹوئٹر)
بحرین اور اسرائیل نے اتوار کو امریکہ کی سرپرستی میں دونوں ملکوں کے درمیان 7 مفاہمتی یادداشتوں پر منامہ میں دستخط کیے ہیں۔
الشرق الاوسط کے مطابق بحرینی وزیر خارجہ عبداللطیف الزیانی نے بتایا کہ ’ہم نے اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات کے قیام کا معاہدہ کیا ہے۔ امن عمل کی پابندی کا اعادہ کیا گیا۔ دو ریاستی حل ضروری ہے‘۔
اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نتنیاہو نے مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط سے قبل امریکی وزیر خزانہ اور بحرینی وزیر خارجہ کے ساتھ ٹیلیفون پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ’ ہم عظیم اقدامات کے ذریعے امن عمل کو آگے بڑھا رہے ہیں‘۔
امریکی وزیر خزانہ نے زور دے کر کہا کہ اسرائیل اور بحرین کے درمیان مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط اہم قدم ہے۔
نتنیا ہو نے اسرائیلی کابینہ کے ہفت روزہ اجلاس کے شروع میں کہا کہ یہ اجلاس غیرمعمولی پیشرفت ہے۔ ہم بحرین اور امارات کے ساتھ امن معاہدوں کو آگے بڑھا رہے ہیں یہی حقیقی امن ہے۔
نتنیاہو نے یہ بھی کہا کہ امن کے بدلے امن اور معیشت کے بدلے معیشت کا فارمولا نافذ ہورہا ہے۔
نتنیاہو نے مزید کہا کہ اتوار کو بحرین میں اترنے والی پہلی اسرائیلی پرواز قیام امن کی جہت میں پیشرفت ہے۔ یہ بے حد اہم دن ہے۔ ہمیں امید ہے کہ ہم جلد ہی دیگر ملکوں کے ساتھ تعلقات کے قیام کی خبر آپ لوگوں کو دے سکیں گے۔
باخبر رہیں، اردو نیوز کو ٹوئٹر پر فالو کریں