Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسرائیل اور امارات کا ہفتہ وار 28 پروازیں شروع کرنے کا اعلان

امارات کے بعد بحرین نے بھی اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات استوار کیے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے درمیان سفارتی تعلقات استوار ہونے کے بعد دونوں ممالک کمرشل پروازیں شروع کرنے کے حوالے سے باقاعدہ معاہدہ کرنے جا رہے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق اسرائیل اور عرب امارات آئندہ ہفتے منگل کے روز معاہدے پر دستخط کریں گے جس کے تحت ہفتہ وار 28 کمرشل پروازیں شروع کی جائیں گی۔
اسرائیل کی وزارت مواصلات نے کہا ہے کہ اسرائیل کے بین گورین ایئرپورٹ سے دبئی اور ابو ظبی کے لیے ہفتے میں 28 کمرشل پروازیں شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
معاہدے کے تحت جنوبی اسرائیل میں قائم قدرے چھوٹے ایئر پورٹ کے لیے لامحدود پروازیں چلانے کا فیصلہ ہوا ہے جبکہ ہر ہفتے دس کارگو فلائٹس چلائی جائیں گی۔
اسرائیلی وزارت مواصلات کے مطابق معاہدے پر دستخط کی تقریب بین گورین ایئر پورٹ پر منعقد ہو گی جبکہ آئندہ چند ہفتوں میں دونوں ممالک کے درمیان پروازوں کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔
واضح رہے کہ  رواں برس 13 اگست کو متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان تاریخی معاہدہ طے پایا تھا جس کے تحت دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات مکمل طور پر معمول پر آگئے ہیں۔
متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کی طرف سے مشترکہ بیان میں کہا گیا تھا کہ ’اس تاریخی سفارتی بریک تھرو سے مشرقِ وسطٰی میں امن کو فروغ ملے گا۔ یہ معاہدہ تین رہنماؤں کی دلیرانہ سفارت کاری اور وژن کا ثبوت ہے۔ اس معاہدے سے ثابت ہوتا ہے کہ متحدہ عرب امارات اور اسرائیل ایک نئے راستے پر چلنا چاہتے ہیں جس سے خطے کی بھرپور صلاحتیں بروئے کار آئیں گی۔‘
متحدہ عرب امارات کے بعد بحرین نے بھی اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات استوار کر لیے ہیں جبکہ اس سے قبل مصر اور اردن کے اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات پہلے سے موجود ہیں۔
باخبر رہیں، اردو نیوز کو ٹوئٹر پر فالو کریں

شیئر: