حجاب کو نئے اندازمیں پیش کرنے والی بلاگر
21 سالہ فیشن بلاگر رانا ایلیتھی کا تعلق مصر سے ہے (فوٹو: انسٹا گرام)
انسٹا گرام پر نوجوان فیشن بلاگرز حجاب کو نئے اور مختلف انداز میں پیش کر رہے ہیں جو نہ صرف پردے کا مقصد پورا کرتا ہے بلکہ فیشن میں بھی کسی سے کم نہیں۔
رانا ایلیتھی ایسی ہی ایک فیشن سٹائلسٹ ہیں جنہوں نے اپنی تصاویر اور ویڈیوز کے ذریعے حجاب کو مختلف انداز میں اوڑھنا سکھایا ہے۔
21 سالہ رانا ایلیتھی نے عرب نیوز کو بتایا کہ ان کی تصاویر اور ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد اکثر لڑکیوں نے حجاب پہننے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
رانا ایلیتھی کے انسٹاگرام پر حجاب میں تصاویر شیئر کرنے کے بعد فولوورز کی تعداد میں یک دم اضافہ ہوا ہے جو اب ایک لاکھ تک پہنچ گئے ہیں۔
وہ مصر میں پیدا ہوئیں لیکن بعد میں ان کی فیملی برطانیہ منتقل ہو گئی جہاں ان کی پرورش ہوئی ہے۔
رانا ایلیتھی نے بتایا کہ لاک ڈاؤن کے دوران بوریت کو کم کرنے کے لیے انہوں نے زیادہ سے زیادہ تصاویر کھینچنا شروع کر دیں اور ویڈیوز بھی بنائیں جو ساتھ ساتھ انسٹاگرام پر بھی شیئر کرتی رہیں۔
فیشن سٹائلسٹ رانا ایلیتھی کا کہنا تھا کہ انسٹاگرام پر اچھا ردعمل ملنے کے بعد انہوں نے فیشن بلاگنگ کو مزید سنجیدگی سے لینا شروع کر دیا۔
بلاگر کے مطابق ان کے سٹائل کو بڑی تعداد میں پسند کرنے کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ وہ ایسے ملبوسات کا استعمال کرتی ہیں جو آسانی سے دستیاب ہیں، اور انہیں اس انداز میں پیش کرتی ہیں کہ وہ سٹائلش بھی لگیں۔
رانا ایلیتھی کا کہنا ہے کہ ویسے تو انسٹاگرام پر بہت اچھے ذوق والے فیشن سٹائلسٹ موجود ہیں لیکن ان کے دکھائے ہوئے فیشن کو اپنانا آسان نہیں ہوتا۔
رانا ایلیتھی پیشے کے لحاظ سے تو بزنس کنسلٹنٹ ہیں لیکن فیشن بلاگنگ ان کا شوق اور مشغلہ ہے جسے وہ مستقبل میں باقاعدہ طور پر اپنانا چاہتی ہیں۔
رانا ایلیتھی کا کہنا ہے کہ وہ مستقبل میں ایسے فیشن آئیڈیاز صارفین کو پیش کرنا چاہتی ہیں جنہہں روز مرہ کی زندگی میں اپنانا آسان ہو۔