Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ رخ خان 25 سال بعد پھر سے ’راج ملہوترا‘؟

’دل والے دلہنیا لے جائيں گے‘ کی ریلیز کے بعد 25 سال ہوگئے ہیں (فوٹو: ٹوئٹر)
انڈیا میں بالی وڈ پر اس وقت بہت برا وقت گزر رہا ہے۔ کورونا کی وجہ سے تمام تر سینیما ہالز اور تھیئٹر بند رہے لیکن رواں ہفتے ان کو کھولنے کی مشروط اجازت ملی ہے۔
ایسے میں بالی وڈ کے ’بادشاہ‘ کہے جانے والے شاہ رخ خان نے اپنی بلاک بسٹر فلم ’دل والے دلہنیا لے جائيں گے کی ریلیز کی 25 ویں سالگرہ یعنی سلور جوبلی کے موقعے پر اپنے ٹوئٹر ہینڈل ’آئی ایم ایس آر کے‘ کے ساتھ اپنا نام راج ملہوترہ رکھا ہے جو کہ فلم 'ڈی ڈی ایل جے' میں ان کا نام تھا۔
اسی کے ساتھ اس فلم میں ان کی ہیروئن ادکارہ کاجول نے ٹوئٹر پر اپنا نام 'سمرن' رکھ لیا ہے جو کہ فلم میں ان کے کردار کا نام تھا۔

 

اس فلم کی کامیابی کی داستان اس بات سے ظاہر ہے کہ جب سے یہ ریلیز ہوئی ہے یہ ممبئی کے ایک سینیما ہال مراٹھا مندر میں مستقل دکھائی جا رہی ہے۔
اس فلم کے بعد ہی کاجول اور شاہ رخ خان کی بے مثال جوڑی نے فلم انڈسٹری پر راج کرنا شروع کر دیا تھا اور آج بالی وڈ کی کامیاب ترین جوڑیوں میں ان کا شمار ہوتا ہے۔
اس فلم کو بنانے والے پروڈکشن ہاؤس ’یش راج فلمز‘ نے اس موقعے پر ٹویٹ کیا: ’زندگی بھر کے لیے ایک محبت کی کہانی۔ چلیے ہم اپنی یادوں کے دریچے سے گزرتے ہیں۔ نیچیے دیے گئے کسی بھی ہیش ٹیگ کے تحت اس فلم سے جڑی اپنی یادیں شیئر کیجیے۔‘
اس کے جواب میں مختلف ہیش ٹیشوگز کے ساتھ بے شمار لوگ ٹویٹ کر رہے ہیں۔ کسی نے اس فلم کے ڈائیلاگز شیئر کیے تو کسی نے اس فلم کے مناظر جو انھیں پسند تھے۔ کسی نے مذاق اڑایا تو کسی نے اپنے دل کھول دیے۔
صحافی پوجا تلوار نے لکھا: 'جا سمرن جی لے اپنی زندگی۔ ڈی ڈی ایل جے 25 برسوں بعد بھی پرانی نہیں ہوئی۔ آج بھی راج سمرن ہمارے لیے زندہ ہیں۔ اس لیے لندن میں رہنے والو لیسسٹر سکوئر جاؤ  وہاں دونوں کے مجسمے کی رونمائی ہوگی۔'
شاہ رخ خان نے ٹویٹ کیا: ’ 25 سال!!! آپ نے دل سے سمرن اور راج کو چاہا اس کے لیے احسان مند ہوں۔ یہ ہمیشہ ہی ایک مخصوص احساس ہے۔‘
جبکہ کاجول نے لوگوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ٹویٹ کیا: ’راج اور سمرن! دو لوگ ایک فلم، 25 سال اور پھر بھی آپ کی جانب سے اظہار محبت کی کمی نہیں۔‘
اس فلم نے مجموعی کمائی کے معاملے میں تقریبا ساری فلموں کے ریکارڈ توڑ دیے ہیں اور یہ شعلے اور مغل اعظم کی طرح ایک کلٹ فلم ثابت ہوئی ہے۔
 

شیئر: