Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’وبا کے اثرات سے تیزی سے باہر آرہے ہیں‘

سعودی عرب سرمایہ کاروں کی مدد کررہا ہے- فوٹو ایس پی اے
سعودی وزیر سرمایہ کاری خالد الفالح نے کہا ہے کہ سعودی معیشت دنیا بھر میں بے حد لچکدار ہے۔ پوری دنیا میں ایسی معیشت سب سے زیادہ موثر مانی جاتی ہے جو معاشی جھٹکے ثابت قدمی کے ساتھ برداشت کر سکتی ہو۔ 
سعودی خبررساں ادارے ایس  پی اے کے مطابق وزیر سرمایہ کاری انٹرنیشنل ڈیجیٹل سربراہ کانفرنس کے ایک مباحثے میں اظہار خیال کر رہے تھے۔ اس کااہتمام فنانشل ٹائمز نیٹ ورک نے سعودی وزارت سرمایہ کاری اور جی  20 سعودی سیکریٹریٹ کے تعاون سے کیا ہے۔ 
خالدالفالح کا کہنا ہے  کہ دنیا بھر کی حکومتوں کے یہاں نجی اداروں کے ساتھ حقیقی شراکت بڑی اہمیت رکھتی ہے۔ سعودی عرب نے کورونا وبا کے دوران نجی اداروں کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کیا اور ہماری پہلی ترجیح عوام رہے۔
 سعودی وزیر نے کہاکہ دنیا بھر کی حکومتیں سرمایہ کاروں کو درپیش چیلنج سے واقفیت پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔ وہ چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے ضروری تعاون دیتی ہیں۔ سعودی عرب نے سرمایہ کاروں کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے کی جانے والی کوششوں کا ساتھ دیا ہے اور دے  رہا ہے۔ 
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے یہاں صاف شفاف قوانین سرمایہ کاروں کے لیے تحفظ کا سرچشمہ بنے ہوئے ہیں۔ سعودی عرب تمام تر درپیش مسائل کے باوجود ترقیاتی سکیمیں مکمل کررہا ہے۔ وژن  2030 سے تعلق رکھنے والے بڑے بڑے منصوبے نافذ کررہا ہے۔ سرمایہ کاروں کی مدد کررہا ہے۔ سعودی عرب نے موجودہ حالات سے خود کو ہم آہنگ کرنے کے لیے جو حکمت عملی اپنائی ہے وہ نوجوانوں کو بااختیار بنانے کی ہے۔ نوجوان ہی حقیقی سرمایہ اور وژن  2030 کے اصل محرک ہیں۔ 
الفالح نے کہا کہ سعودی عرب صنعت، صحت، اہم ٹیکنالوجی اور بین الاقوامی صنعتوں میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کررہا ہے۔ مملکت میں سرمایہ کاری کا مستقبل بہت اچھا ہے۔ اقتصادی اصلاحات، نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور سپیشل اکانومی زون قائم کرنے کی بدولت ہمارا ملک وبا کے منفی اثرات سے تیزی سے باہر آرہا ہے۔ 
باخبر رہیں، اردو نیوز کو ٹوئٹر پر فالو کریں
 

شیئر: