Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شائقینِ کرکٹ کو سٹیڈیم میں میچ دیکھنے کی اجازت ملنے کی توقع

ٹیسٹ میچز کے لیے ابھی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا (فوٹو: اے ایف پی)
آسٹریلیا کے شہر میلبرن میں انڈیا اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان ہونے والے ٹیسٹ میچ میں شائقین کرکٹ کو سٹیڈیم میں میچ دیکھنے کی اجازت دینے کی توقع کی جا رہی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق میلبرن میں کئی ماہ سے لاک ڈاؤن جاری تھا اور اتوار کو فیصلہ کیا گیا تھا کہ اگلے ہفتے گھوڑوں کی ریس کے لیے منعقد کیے گئے میلبرن کپ میں شائقین کو شرکت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
تاہم پیر کو کورونا کا کوئی نیا کیس یا ہلاکت رپورٹ نہ ہونے کے بعد حکام نے اعلان کیا ہے کہ ٹیسٹ میچ میں کرکٹ شائقین کو سٹیڈیم میں میچ دیکھنے کی اجازت ہو گی۔

 

وکٹوریہ سٹیٹ کے پریمیئر ڈینیئل اینڈریوز کا کہنا تھا کہ انڈیا اور آسٹریلیا کے درمیان ہونے والا میچ میلبرن کپ سے مختلف ہے۔ مجھے پورا اعتماد ہے کہ لوگ میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں میچ دیکھنے آئیں گے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’مجھے یہ معلوم نہیں کہ کتنے لوگ آئیں گے لیکن لوگوں کا اجتماع ہوگا۔ مجھے یہی بتایا گیا ہے اور ہم اسی کے لیے کام کر رہے ہیں۔‘
گذشتہ برس نیوزی لینڈ کے ساتھ ہونے والے باکسنگ ڈے ٹیسٹ میں 80 ہزار سے زیادہ افراد نے شرکت کی تھی۔
انڈیا کی ٹیم رواں برس دسمبر اور آئندہ سال جنوری میں آسٹریلیا کے خلاف چار ٹیسٹ میچز، تین ٹی20 اور تین ایک روزہ میچز کھیلے گی۔
ڈینیئل اینڈریوز کا بیان ٹینس شائقین کے لیے بھی اچھی خبر ہے کیونکہ اگلے برس جنوری میں آسٹریلین اوپن کا انعقاد ہونے جا رہا ہے اور منتظمین شائقین کو خوش آمدید کہنے کے منتظر ہیں۔

شیئر: