Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈین کرکٹر کپل دیو کو دل کا دورہ، ہسپتال منتقل

کپل دیوکا شمار کرکٹ کی تاریخ کے بہترین آل راؤنڈرز میں ہوتا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
انڈین کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور انڈیا کو پہلا ورلڈ کپ جتانے والے مایہ ناز کرکٹر کپل دیو کو دل کا دورہ پڑا ہے اور انھیں ہسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔
خبررساں ادارے اے این آئی کے مطابق انھیں رات ایک بجے سینے میں درد کے بعد جنوبی دہلی میں اوکھلا روڈ پر واقع فورٹس ہسپتال میں داخل کرایا گیا۔
ان کی فوری طور پر کورونیری اینجیوپلاسٹی کی گئی اور فی الحال وہ انتہائی نگہداشت کے شعبے میں ہیں۔

 

خبررساں ادارے کے مطابق ڈاکٹر ماتھر اور ان کی ٹیم کپل دیو کی نگرانی کر رہی ہے۔
سوشل میڈیا پر ان کی جلد صحتیابی کی خواہشات کا اظہار کیا جا رہا ہے جبکہ مختلف میڈیا رپورٹس میں ان کی حالت سٹیبل بتائی جا رہی ہے۔
کانگریس رہنما اور رکن پارلیمان ششی تھرور نے ان کی حالت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ٹویٹ کیا: 'کپل دیو کو دل کا دورہ پڑنے اور ان کے ہسپتال میں داخل ہونے کی خبر سے متفکر ہوں۔ ان کے قوی دل نے انڈیا کے لیے بہت سے میدان جیتے۔ میں اس میدان میں بھی ان کی جیت کے لیے دعاگو ہوں۔'
کپل دیو نے انڈیا کو سنہ 1983 میں انگلینڈ میں کھیلے گئے تیسرے ورلڈ کپ میں کامیابی سے ہمکنار کیا تھا۔ وہ اپنے زمانے میں عمران خان، ایان باتھم اور ہیڈلی کے ساتھ دنیا کے بہترین چار آل راؤنڈرز میں شمار ہوتے تھے جبکہ وہ آج تک انڈیا کے بہترین آل راؤنڈر ہیں جن کی جگہ اب تک کوئی نہیں لے سکا ہے۔
انڈیا کی ورلڈ کپ جیت پر ایک فلم 83' رواں سال ریلیز ہونے والی تھی لیکن وہ کورونا کی وبا کی وجہ سے ریلیز نہ ہوسکی۔ ان کا اہم کردار اداکار رنویر سنگھ نے ادا کیا ہے جبکہ ان کی اہلیہ رومی کا کردار اداکارہ دیپکا پاڈو کون نے ادا کیا ہے۔
کپل نے 131 ٹیسٹ میچز میں انڈیا کی نمائندگی کی اٹھ سنچری اور 27 نصف سنچری کے ساتھ پانچ ہزار 248 رنز بنائے جبکہ انھوں نے 434 وکٹیں بھی حاصل کیں۔ 225 ایک روزہ میچوں میں تین ہزار 979 رنز بنائے جس میں زمبابوے کے خلاف ورلڈ کپ میں ان کے 175 رنز کی اننگز بھی شامل ہے اور وہی ان کی واحد سنچری ہے۔ ونڈے میں انھوں نے 254 وکٹیں حاصل کی ہیں۔

شیئر:

متعلقہ خبریں