Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ترکی اور پاکستان مداخلت نہ کریں‘

فرانسیسی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ’یہ ہمارے لیے حیران کن ہے کہ غیر ملکی طاقتیں فرانس میں ہونے والے واقعات میں مداخلت کر رہی ہیں‘ (اے ایف پی)
فرانس کے وزیر داخلہ جیرالڈ درمانین نے کہا ہے کہ ترکی کو فرانس کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کرنی چاہیے۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق فرانسیسی وزیر داخلہ نے منگل کو یہ بیان ترک صدر کے اس بیان کے بعد دیا ہے جس میں رجب طیب اردوغان کہا تھا کہ فرانسیسی صدر کے ’اسلام مخالف‘ ایجنڈے کی وجہ سے فرانسیسی مصنوعات کا بائیکاٹ کیا جائے۔  

 

ترک صدر نے فرانسیسی صدر ایمانوئیل میخواں کی ذہنی حالت پر بھی سوال اٹھایا تھا جس کے بعد فرانس نے ترکی سے اپنے سفیر کو واپس بلا لیا تھا۔
فرانسیسی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ’یہ ہمارے لیے حیران کن ہے کہ غیر ملکی طاقتیں فرانس میں ہونے والے واقعات میں مداخلت کر رہی ہیں۔‘
فرانسیسی وزیر داخلہ نے فرانس انٹر ریڈیو سے بات کرتے ہوئے ترکی اور پاکستان کا حوالہ دیا جہاں کی پارلیمنٹس نے قراردادیں پاس کر کے اپنی حکومتوں پر زور دیا کہ وہ فرانس سے اپنے سفیر کو واپس بلائیں۔
یاد رہے کہ پاکستان کے ایوان زیریں قومی اسمبلی نے پیر کو ایک متفقہ قرارداد منظور کی تھی جس میں فرانس میں پیغمبر اسلام کے خاکوں کی مذمت کی گئی تھی اور حکومت سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ وہ پیرس سے اپنے سفیر کو واپس بلائے۔

شیئر: