’دہشت گرد کارروائیاں تمام مذاہب میں جُرم سمجھی جاتی ہیں‘
ہفتہ 17 اکتوبر 2020 19:59
مسلم ورلڈ لیگ کے رہنما نے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کا کہا (فوٹو: عرب نیوز)
مسلم ورلڈ لیگ کے رہنما شیخ محمد بن عبدالکریم العیسیٰ نے فرانس میں استاد کا سر قلم کرنے کی ’دہشت گردانہ کارروائی‘ کی مذمت کی ہے۔
جمعے کی رات کو فرانس کے دارالحکومت پیرس کے شمال مغربی علاقے میں ایک حملہ آور نے 47 سالہ سکول ٹیچر کا سر قلم کر دیا تھا جبکہ پولیس نے حملہ آور کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ہسٹری ٹیچر سیموئیل پیٹی نے اپنے طلبہ کو مبینہ طور پر پیغمبر اسلام کے متنازع خاکے دکھائے تھے۔
مسلم ورلڈ لیگ کے رہنما نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شدت پسند اور دہشت گرد کارروائیاں تمام مذاہب میں جرم سمجھی جاتی ہیں اور انہیں اعلیٰ درجے کی مجرمانہ جارحیت سمجھا جاتا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق رہنما عبدالکریم العیسیٰ نے دہشت گردی کے خلاف لڑنے اور اسے جڑ سے اکھاڑنے کی ہر ممکنہ کوشش کرنے کو کہا ہے۔ انہوں نے شدت پسند نظریات کے خلاف بھی لڑنے پر زور دیا جو ایسے جرائم سرزد کرنے کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔
مسلم ورلڈ لیگ کے رہنما نے فرانس کی حکومت کو ملک کے متنوع کردار کو برقرار رکھنے کو کہا جو کہ اس کے اتحاد اور مضبوطی کے لیے ضروری ہے۔
انہوں نے فرانس کے لیڈروں کو ہر قسم کی دہشت گردانہ کارروائیوں کے خلاف متحد ہونے اور ان تمام عوامل کے خلاف جدوجہد جاری رکھنے کا کہا جو فرانس کے تحفظ اور استحکام کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔
مسلم ورلڈ لیگ کے رہنما شیخ محمد بن عبدالکریم العیسیٰ نے ہلاک ہونے والے استاد کے لواحقین اور طالب علموں سے بھی اظہار تعزیت کیا۔