Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مکہ کے ہوٹلوں میں عمرہ زائرین کے لیے انتظامات

ہوٹل مالکان کمرے کے کرایے کے علاوہ کھانے کا خرچ شامل کریں- فوٹو العربیہ
سعودی حج و عمرہ قومی کمیٹی کے رکن محمد القرشی نے کہا ہے کہ  بیرون ملک سے آنے والےعمرہ زائرین کے لیے مکہ میں 1800 ہوٹلوں نے انتظامات مکمل کرلیے ہیں۔  
مسجد الحرام سے متصل اور آس پاس  واقع ہوٹلوں کے تیس تا چالیس فیصد کمرے استعمال کیے جائیں گے۔  
اتوار سے محدود تدریجی عمرہ پروگرام کا تیسرا مرحلہ شروع ہوگا۔ اس کے تحت بیرون مملکت سے عمرہ زائرین سعودی عرب پہنچنے لگیں گے۔  

ہر ہوٹل کے دس فیصد کمرے کورونا متاثرین کے لیے رکھے جائیں گے- فوٹو العربیہ

العربیہ نیٹ کے مطابق وزارت حج و عمرہ نے عمرہ زائرین کی رہائش کے قواعد و ضوابط  مقرر کردیے ہیں۔ تمام ہوٹلوں اور فرنشڈ اپارٹمنٹس کو آگاہ کردیا گیا۔  
وزارت حج و عمرہ نے بتایا کہ متعلقہ اداروں نے عمرہ زائرین کی رہائش کے لیے تین، چار اور پانچ سٹار ہوٹلوں کو اجازت نامے دیے ہیں۔ انہیں ایس او پیز کی پابندی کی ہدایت کردی گئی ہے۔ تمام ہوٹلوں سے کہا گیا ہے کہ وہ ویب سائٹس پر کمرے کے کرایے میں روزانہ تین وقت  کے کھانے کا خرچ بھی شامل کریں۔ بکنگ کرانے والے کو تین دن تک روم آئسولیشن کی پابندی سے بھی مطلع کریں۔ استقبالیہ  پرعمرہ زائرین کے ہر گروپ کی رہائشی کارروائی مکمل کرانے والا اہلکار تعینات کریں۔ ویب سائٹ پر اپنے یہاں رہائش پذیر عمرہ زائرین کے اعدادوشمار جاری کرنے کی پابندی کریں۔ ہرہوٹل اپنے دس فیصد کمرے ایسے زائرین کے لیے مختص رکھیں جنہیں کورونا وائرس کا شبہ ہونے کی صورت میں الگ تھلگ ٹھہرایا جاسکے۔ 
ہوٹلوں پر یہ پابندی بھی لگائی گئی ہے کہ ایک کمرے میں دو افراد سے زیادہ نہ ٹھہرائے جائیں۔ ایک بیڈ سے دوسرے بیڈ کے درمیان سماجی فاصلے کی پابندی کی جائے۔

مکہ میں ڈھائی لاکھ سے زیادہ عمارتیں معتمرین کے لیے تیار ہیں- فوٹو مکہ ڈاٹ کام

کسی بھی عمرہ زائر کو تین روزہ روم آئسولیشن کی مدت مکمل کیے بغیر رہائش سے نکلنے کی اجازت نہ دی جائے۔ ہر ہوٹل عمرہ زائرین کی آمد ورفت کو منظم کرنے کے لیے سیکیورٹی گارڈ اور انچارج مختص کرے۔ آئسولیشن کے دوران رہائشیوں کو تمام لوازمات مہیا کرے۔ 
اوپن بوفے  سے پرہیز کیا جائے۔ ریستورانوں کے پروٹوکول کی پابندی کی جائے۔ عمرہ زائرین کو رہائش سے نماز یا عمرے کے لیے جاتے وقت ’اعتمرنا ایپ‘ سے جاری کردہ اجازت ناموں کا پابند بنایا جائے۔  
القرشی نے بتایا کہ مکہ مکرمہ میں  1800 سے زیادہ ہوٹل اور ڈھائی لاکھ سے زیادہ عمارتیں ہیں۔ 
ہوٹل زائرین کی رہائش کے دوران بہترین حفاظتی انتظامات کی پابندی کرانے کے لیے تیار ہیں۔ 

 

خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: