وفاقی وزیراطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ ایاز صادق نے پاکستان کی فتح کو شکست میں بدلنے کی کوشش کی، وہ اسمبلی کے فلور پر معافی مانگیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کی قیادت بھی ندامت کے ساتھ بیان کی مذمت کرے اور معافی مانگے ورنہ قوم ان سے حساب لے گی۔
جمعرات کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شبلی فراز کا کہنا تھا کہ ایاز صادق کے بیان پر انڈیا میں خوشیاں منائی جا رہی ہیں۔
’اس بیان سے ثابت ہو گیا ہے کہ وہ ایک اہم عہدے کے قابل نہیں تھے۔‘
مزید پڑھیں
-
فیاض الحسن چوہان کے متنازع بیانات اور معذرتیںNode ID: 401406
-
’اپوزیشن نے قانون توڑا تو جیل ہوگی‘Node ID: 510121
-
اپوزیشن کو تحریک ملتوی کرنے کا مشورہNode ID: 510276
انہوں نے ایاز صادق کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’آپ ہوتے کون ہیں کہ اس قسم کی باتیں کریں۔‘
شبلی فراز کے بقول لگتا ایسا ہے کہ ن لیگ نے فیصلہ کر لیا ہے کہ ملک کو عالمی سطح پر شرمندہ کرے، اس وقت ملک کے خلاف سازشیں ہو رہی ہیں۔
انہوں نے انڈین پائلٹ ابھینندن کی رہائی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت پاکستان نے ذمہ دار ریاست ہونے کا ثبوت دیا جس سے پاکستان کا امیج بہتر ہوا اور دنیا بھر نے اس اقدام کی پذیدائی کی۔
شبلی فراز کا کہنا تھا کہ کورونا کے باوجود حکومت کی حکمت عملی کی وجہ سے صورت حال بہتری کی طرف جا رہی ہے۔
سینیٹ انتخابات کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ وہ وقت پر ہوں گے۔
وزیراعظم کی جانب سے نواز شریف کو واپس لائے جانے کے بیان کے تناظر میں پوچھے گئے اس سوال پر کہ کیا ان کی واپسی سے چینی سستی ہو جائے گی؟ کے جواب میں وزیر اطلاعات نے ایک بار پھر اعتراف کیا کہ مہنگائی ہے۔ ’یہ ایک سنجیدہ معاملہ ہے لیکن عارضی چیز ہے، اس پر قابو پالیں گے۔‘
