ہتھیلیوں اور پاؤں پر آنے والے پسینے کو کیسے روکا جائے؟
ہتھیلیوں اور پاؤں پر آنے والے پسینے کو کیسے روکا جائے؟
اتوار 1 نومبر 2020 12:51
مصالحہ دار کھانے اور کیفین والے مشروبات بھی پسینے کا سبب بنتے ہیں۔ فوٹو فری پک
پاؤں اور ہتھیلیوں پر پسینہ آنا معمول کی بات ہے لیکن یہ الجھن کا بھی باعث بن جاتا ہے۔ اس کی وجہ سے انسان نہ کسی سے مصافحہ کر سکتا ہے اور قلم تھامنے اور لکھنے میں بھی دشواری کا سامنا رہتا ہے۔
ماہرین پاؤں اور ہاتھوں پر پسینہ آنے کی کئی وجوہات کا ذکر کرتے ہیں اور اس سے بچاؤ کے طریقے بھی بتاتے رہتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق انسانی جلد میں 20 لاکھ سے 50 لاکھ تک پسینہ چھوڑنے والے خلیے موجود ہوتے ہیں جو جسمانی درجہ حرارت زیادہ ہونے کی صورت میں اسے ٹھنڈا کرنے کے لیے پسینہ خارج کرتے ہیں۔ لیکن اگر یہ پسینہ پاؤں اور ہتھیلیوں پر خارج ہونے لگے تو اس کے علاج کی ضرورت ہوتی ہے۔
ہتھیلیوںاورپاؤںپرپسینہآنےکیوجوہات
پاؤں اور ہاتھوں میں جسم کے دیگر حصوں کے نسبت پسینہ خارج کرنے والے غدود زیادہ ہوتے ہیں۔ تناؤ، ذہنی عارضے، گھبراہٹ، جذباتی دباؤ، خوف اور اضطراب کی کیفیت میں بھی پسینہ زیادہ آتا ہے۔
جب کوئی شخص پرجوش ہو یا پھر تناؤ کی کیفیت کا شکار ہو، ایسی صورت میں بھی پیروں اور ہاتھوں میں زیادہ پسینہ آتا ہے۔ تھکاوٹ اور مستقل دباؤ بھی ایک وجہ جانی جاتی ہے۔
ہاتھوں اور پاؤں میں پسینہ آنے کی وجوہات چند بیماریاں بھی ہیں، جیسے ذیابیطس کی پیچیدگیاں، سانس کی متعدد بیماریاں، ریڑھ کی ہڈی سے منسلک بیماریاں، ہائی بلڈ پریشر وغیرہ قابل ذکر ہیں۔
مصالحہ دار کھانوں کا زیادہ استعمال، کیفین والے مشروبات، گرم اور مرطوب موسم جبکہ کچھ ادویات بھی پسینے کا باعث بنتی ہیں۔
پسینے کا علاج
ایسے پرفیومز کا استعمال کریں جو نہ صرف خوشبو دیں بلکہ پسینے پر قابو کرنے میں مددگار ثابت ہوں۔ اس کے لیے اینٹی پرسپیرنٹس کا استعمال مفید سمجھا جاتا ہے۔ کسی ڈاکٹر کے نسخے کے بغیر ہی ایک یا دو دنوں تک اس تکلیف سے نجات ملنا ممکن ہے۔
کچھ جلد کے ماہر ڈاکٹر اس کے لیے بوٹولینم ٹاکسن نامی انجکشن بھی تجویز کرتے ہیں۔ جس سے مریض کو 4 سے 6 ماہ تک افاقہ ہوتا ہے۔ لیکن یہ اس کا مستقل علاج نہیں ہے۔
پسینہ خارج کرنے والے غدود ختم کروانا اب جدید مائیکرو شعاعوں سے بھی ممکن ہے۔
بعض ڈاکٹر اس سے نجات سے کے لیے آپریشن کا مشورہ بھی دیتے ہیں۔ یہ آپریشن سینے کی جانب سے ہوتا ہے اور پسینہ خارج کرنے والی رگ کو نکال لیا جاتا ہے۔ یہ سب سے مؤثر علاج سمجھا جاتا ہے، اس آپریشن سے پسینہ خارج کرنے والے غدود بنیادی جڑ سے ختم ہوجاتے ہیں۔