Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فضائی پرواز سے بٹیر برآمد، مسافر گرفتار

حکام کے مطابق دوران پرواز مسافر نے بٹیر کے ساتھ کھیلنا شروع کر دیا (فوٹو: وکی پیڈیا)
جدہ سے پشاور کے لیے سفر کرنے والے مسافر کو دوران پرواز بٹیر ساتھ رکھنے پر ایئرپورٹ پہنچتے ہی گرفتار کر لیا گیا۔ 
تفصیلات کے مطابق اتوار کو جدہ سے پشاور آنے والی فلائٹ میں اس وقت دلچسپ صورت حال پیدا ہوگئی جب ایک مسافر سے بٹیر برآمد ہوگیا۔
سول ایوی ایشن حکام نے اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے واقعے کی تصدیق کی اور بتایا کہ مسافر نجی ایئرلائن ایئربلیو کی پرواز کے ذریعے جدہ سے پشاور سفر کر رہے تھے، دوران پرواز مسافر نے بٹیر کے ساتھ کھیلنا شروع کر دیا۔

 

’طیارے میں فلائٹ کے دوران ایک فضائی میزبان (ایئر ہوسٹس) کی نظر مسافر پر پڑی تو انہوں مسافر سے دریافت کیا کہ وہ یہ پرندہ (بٹیر) طیارے میں کیسے اور کیوں لائے؟‘
اے ایس ایف حکام کے مطابق اس پر مسافر نے فضائی میزبان اور عملے کے ارکان کے ساتھ بحث شروع کر دی اور ان سے تلخ کلامی کی۔ 
’اس کے بعد پشاور ایئرپورٹ پر طیارے کے لینڈ کرتے ہی پائلٹ اور ایئر ہوسٹس نے ایئرپورٹ سکیورٹی فورس کے عملے سے مسافر کی شکایت کر دی اور تمام صورت حال سے آگاہ کیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس پر ایئرپورٹ سکیورٹی فورس (اے ایس ایف) کے اہلکاروں نے مسافر کو حراست میں لے کر بٹیر اپنے قبضے میں لے لیا۔
اے ایس اہلکاروں کی تفتیش کے دوران مسافر نے بتایا کہ ’یہ بٹیر اُن کا پالتو پرندہ ہے اور اس سے وہ بہت پیار کرتے ہیں، اسی لیے وہ اسے جدہ سے پشاور لے کر آئے ہیں۔‘
 اے ایس ایف حکام کا کہنا ہے کہ مسافر کی جانب سے اپنی غلطی تسلیم کرنے پر اُن سے آئندہ ایسی حرکت نہ کرنے کا تحریری معافی نامہ لکھوایا گیا اور پھر اُنہیں بٹیر سمیت وہاں سے گھر جانے کی اجازت دے دی گئی۔
حکام کے مطابق مسافر نے دوران تفتیش تسلیم کیا کہ وہ جدہ سے بٹیر کو اپنی جیب میں چھپا کر لائے تھے۔

شیئر: