متحدہ عرب امارات کے ایک شہری کی وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو ئی ہے جس میں اسے ابوظبی کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فالکن کے لیے امیگریشن کی کارروائی مکمل کراتے د یکھا جا سکتا ہے۔
فالکن نے متحدہ عرب امارات کے پاسپورٹ پر سفر کیا اس کے لیے طیارے میںنشست بھی بک کرائی گئی ۔
الامارات الیوم کے مطابق اماراتی مسافر سے امیگریشن کی کارروائی کے دوران اہلکار نے فالکن کے بارے میں دریافت کیا تو مسافر نے جواب دیا ’میں نے فالکن کے لیے نشست بک کرائی ہوئی ہے۔ میڈیکل اور سفری دستاویزات بھی ساتھ لایا ہوں‘۔
اماراتی شہری نے مزید بتایا کہ فالکن کے انٹرنیشنل مقابلے میں شرکت کے لیے مراکش جا رہا ہوں۔
سوشل میڈیا پر وڈیو کلپ وائرل ہونے پر مختلف آرا سامنے آئی ہیں۔ بعض نے فالکن کے سفر کی حمایت اور کچھ نے اس کی مخالفت کی۔ مخالفت کرنے والوں کا کہناتھا کہ مسافروں کے درمیان فالکن کا سفرکرنا اچھا نہیں لگتا۔
حمایت کرنے والوں کا موقف تھا کہ اس میں کوئی قباحت نہیں۔ جس طرح انسان سفر کرتے ہیں اسی طرح جانور اور پرندے بھی اپنے مالکان کے ہمراہ سفر کرسکتے ہیں۔
’ اگر پاسپورٹ موجود ہے اور سفر کے لیے درکار تمام دستاویزات مہیا ہیں تو فالکن کے سفرمیں کوئی قباحت نظر نہیں آتی‘۔
ایک صارف نے کہا کہ میں نے اپنے کتے کا پاسپورٹ بنوا رکھا ہے۔ کتے کا نسب نامہ بھی میں محفوظ ہے۔ ویکسین سرٹیفکیٹ بھی ساتھ رکھتا ہوں۔