Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کیپٹن (ر) صفدر اور قمر زمان کائرہ کورونا کا شکار

قمر زمان کائرہ اسلام آباد میں قرنطینہ میں چلے گئے ہیں (فوٹو: اردو نیوز)
پاکستان میں کورونا کی دوسری لہر نے سیاسی رہنماوں کو اپنی لپیٹ میں لینا شروع کر دیا ہے۔
اردو نیوز کو دستیاب کیپٹن (ر) صفدر کی رپورٹ کے مطابق وہ کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں۔
پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے تصدیق کی ہے کہ مریم نواز کا کورونا ٹیسٹ کروایا گیا تھا جو کہ منفی آیا ہے۔
پیپلزپارٹی کی رہنما نفیسہ شاہ نے بھی قمرالزماں کائرہ کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ وہ قمرالزمان کائرہ کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہیں۔
قمر زمان کائرہ اسلام آباد میں قرنطینہ میں چلے گئے ہیں جبکہ کیپٹن صفدر کو شریف میڈیکل سٹی لاہور میں داخل کرا دیا گیا ہے۔
قمر زمان کائرہ گزشتہ کئی روز سے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ گلگت بلتستان میں انتخابی مہم میں شریک تھے۔ سابق گورنر گلگت بلتستان اور سابق وزیر امور کشمیر کی حیثیت سے وہ بلاول بھٹو کی انتخابی مہم کے مرکزی منتظم بھی تھے۔
کچھ دنوں سے وہ گلے میں سوزش اور نزلہ زکام محسوس کر رہے تھے۔ طبیعت خرابی کے باعث وہ اسلام آباد آگئے اور انہوں نے احتیاطی طور پر کورونا کا ٹیسٹ کرایا تھا۔  گزشتہ رات ان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا جس کے بعد وہ قرنطینہ میں ہیں۔
اسی طرح کیپٹن صفدر مریم نواز کے سکردو میں ہونے والے پہلے جلسے میں شریک تھے جہاں انھیں بخار ہوا۔ وہ واپس آگئے جہاں ان کا ٹیسٹ ہوا۔ ٹیسٹ مثبت آنے کے باعث انھیں شریف میڈیکل سٹی میں داخل کرا دیا گیا ہے۔
اردو نیوز نے کیپٹن صفدر سے ٹیلی فون پر بات کرنے کی کوشش کی۔ انھوں نے فون اٹینڈ ضرور کیا لیکن گلے میں تکلیف کے باعث وہ بات نہ کر سکے۔

شیئر: