الاخوان دہشت گرد تنظیم ہے: سعودی علما
بیان بورڈ کے تمام علما کے دستخط کے ساتھ جاری کیا گیا ہے۔(فوٹو عرب نیوز)
سعودی عرب کے ممتاز علما نے کہا ہے کہ ’الاخوان المسلمین ’دہشت گرد تنظیم ‘ہے اور اسلام کے نقطہ نظر کی نمائندگی نہیں کرتی۔ اپنے جماعتی اہداف کو اسلامی تعلیمات سے اوپر رکھتی ہے۔ یہ دین کی آڑ میں فتنہ انگیزی، تفرقہ بازی، تشدد اور دہشت گردی کر رہی ہے‘۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق سعودی سربرآوردہ علما بورڈ نے منگل کو ایک بیان میں کہا کہ ’ اللہ تعالی نے ہمیں حق کا ساتھ دینے اور تفرقہ و انتشار سے باز رہنے کا حکم دیا ہے‘۔
علما نے اس حوالے سے قرآنی آیات اور احادیث سے استدلال کیا ہے۔
بیان میں علما نے کہا کہ ’عصر حاضر میں الاخوان المسلمین ایسی جماعتوں میں سرفہرست تنظیم ہے جو اسلام کی مذکورہ ہدایت سے منحرف ہے۔ یہ ریاستی حکام کے ساتھ جھگڑے برپا کرنے، حکام کے خلاف بغاوت، مختلف ملکوں میں فتنہ انگیزی اور پر امن بقائے باہمی کے ماحول کو متزلزل کرنے میں لگی ہوئی ہے‘۔
سعودی علما نے واضح کیا کہ ’الاخوان المسلمین مسلم معاشروں کو زمانہ جاھلیت کا نمونہ قرار دے رہی ہے‘۔
سعودی علما نے مزید کہا کہ ’جب سے یہ تنظیم قائم ہوئی ہے تب سے اب تک اس نے نہ تو اسلامی عقائد پر توجہ دی اور نہ قرآن و سنت کے علوم میں دلچسپی دکھائی۔ اس کا مشن اقتدار کا حصول ہے۔ اس جماعت کی تاریخ شر انگیزیوں اور فتنہ پردازیوں سے بھری ہوئی ہے‘۔
سعودی علما نے بتاایا کہ الاخوان المسلمین کے ہی دامن سے انتہا پسند تنظیمں نکلی ہیں جو ملک و قوم کے خلاف انارکی برپا کیے ہوئے ہیں۔ دنیا بھر میں تشدد اور دہشت گردی کے جرائم سے ان تنظیموں کی تاریخ اٹی پڑی ہے۔
سعودی عرب کے علما نے ان امور کا تذکرہ کرکے کہا کہ مبینہ حقائق سے یہ بات روز روشن کی طرح عیاں ہوگئی ہے کہ اخوان دہشت گرد تنظیم ہے۔ یہ دین مخالف جماعتی اہداف کے پیچھے دوڑنے والی جماعت ہے ۔
’سب لوگ اس جماعت سے خبردار رہیں، نہ کوئی اس سے نسبت قائم کرے اور نہ ہمدردی کا اظہار کرے‘۔
علما نے یہ بیان بورڈ کے سربراہ مفتی اعلی شیخ عبدالعزیز آل شیخ سمیت بورڈ کے تمام علما کے دستخط کے ساتھ جاری کیا ہے۔