Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’برا ٹیلنٹ آگے لانا اچھے لیڈر کی نشانی نہیں‘

مریم نواز 15 نومبر کو گلگت بلتستان میں ہونے والے الیکشن کے لیے مصروف ہیں (فوٹو: ٹوئٹر)
گلگت بلتستان کے الیکشن کے لیے انتخابی مہم میں مصروف ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز نے ایک کمسن بچے کی پینٹنگ کو سراہا اور ان کا رابطہ نمبر مانگا تو رابی پیرزادہ ماضی میں کی گئی اپنی ایسی ہی کوشش سے روا رکھے گئے سلوک کی شکایت لیے سامنے آ گئیں۔
خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والے ایڈووکیٹ محمد بلال نامی ایک صارف نے مریم نواز کے سکیچ اور اسے بنانے والے کی تصویر ٹویٹ کی تو ن لیگ کی نائب سربراہ نے خواہش ظاہر کی کہ ان کا نمبر شیئر کریں تاکہ ذاتی طور پر شکریہ ادا کر سکوں۔
 

ستمبر کے اوائل میں اپنی ایسی ہی کوشش کا جواب نہ ملنے پر شکوہ کرنے والی رابی پیرزادہ نے اس پر خاصا سخت ردعمل دیا، تو ایسا کرتے ہوئے وہ اپنی سابقہ ٹویٹ کا ذکر نہ بھولیں۔
انہوں نے اپنی ٹویٹ میں لکھا ’محترمہ مریم صاحبہ آپ میرے بزرگوں کی طرح ہیں، مگر دلوں میں بغض رکھنا اور اچھے ٹیلنٹ کو پیچھے کرکے برا ٹیلنٹ آگے لانا اچھے لیڈر کی نشانی نہیں ہے‘۔
 

قبل ازیں پانچ ستمبر کو رابی پیرزادہ نے مریم نواز کے سکیچ کے سامنے اپنی تصویر شیئر کی تھی جس میں وہ پینٹنگ برش پکڑے ہوئے تصویر کے ساتھ مصروف تھیں۔
ٹویٹ میں دیے گئے اپنے پیغام میں مریم نواز کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے لکھا تھا ’مریم نواز صاحبہ میں کچھ غریب خاندانوں کی کفالت کرتی ہوں، ان میں سپیشل بچے بھی شامل ہیں، میں اپنی محنت سے جو پینٹنگ بناتی ہوں اسکو لوگوں کی فلاح پر خرچ کرتی ہوں، کرونا کی وجہ سے لوگ بہت تکلیف میں ہیں، آپ کی یہ پینٹنگ میں نے دن رات کی محنت سے بنائی ہے‘۔
ایک الگ ٹویٹ میں انہوں نے پورٹریٹ آرڈر کرنے کے لیے رابطہ نمبر دیتے ہوئے لکھا تھا ’اور یقین جانیں اس سے بہتر پینٹنگ کوئی نہیں بنا سکتا، امید ہے آپ اپنی پاکستان کے ٹیلینٹ کو مایوس نہیں کریں گی۔ ‘۔

رابی پیرزادہ کی شکوہ بھری ٹویٹ کے بعد معاملے پر دعمل دینے والے صارفین نے دوسرے ٹیلنٹ کو برا کہنے اور کم عمر بچے سے مقابلے کے انداز کو خاصا ناپسند کیا۔

حکمراں جماعت پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے کچھ صارف گفتگو کا حصہ بنے تو انہوں نے رابی پیرزادہ اور کم عمر آرٹسٹ کے بنائے پورٹریٹس کے تقابل کے بجائے ایک اور پہلو کو موضوع بنایا۔
پی ٹی آئی سیکرٹری انفارمیشن کے طور پر خود کو متعارف کرانے والے ڈاکٹر نیبل حسن نامی ہینڈل نے لکھا ’مریم صاحبہ کی آپ جیسی مرضی تصویر بنا دیتی جو مرضی کہہ دیتی ان کو کوئی فرق نھیں پڑنا تھا لیکن اب جب آپ نے بزرگ کہہ دیا ھے تو اب آپ کی خیر نہیں‘۔

ٹیلنٹ کے تقابل کے معاملے پر تنقید ہوئی اور گفتگو آگے بڑھی تو رابی پیرزادہ ایک بار پھر سامنے آئیں اور لکھا ’یہ بچہ واقعی بہت قابل ہے، اس نے مریم صاحبہ کی عمر ٹھیک دکھائی ہے‘۔

کم عمر آرٹسٹ کے بنائے پورٹریٹ میں مریم نواز کی دلچسپی اور رابی پیرزادہ کے شکوے بھرے ٹویٹس کے بعد شروع ہونے والی گفتگو فن و فنکار تک محدود رہنے کے بجائے سیاسی پوائنٹ سکورنگ کے میدان تک جا پہنچی جہاں اپنی حمایت اور دوسروں کی مخالفت کا سلسلہ زور وشور سے جاری رہا۔

شیئر: