واش رومز کی ٹائلز بھی گن لیں، اب کیا کریں؟
جمعرات 12 نومبر 2020 9:08
دنیا کے مختلف حصوں میں یوٹیوب پر ویڈیو پلے اور اپ لوڈ نہیں ہو رہی تھی (فوٹو: ٹوئٹر)
گوگل کی ملکیتی ویڈیو ویب سائٹ یوٹیوب چند گھنٹوں کے لیے متاثر ہوئی تو سوشل میڈیا باالخصوص ٹوئٹر صارفین نے ناصرف اسے ٹرینڈ کی شکل دے ڈالا بلکہ طنزیہ اور مزاحیہ جملوں اور تصاویر کے ذریعے اپنے جذبات کا اظہار بھی کیا۔
دنیا کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والے صارفین نے شکایت کی تھی کہ وہ یوٹیوب پر ویڈیوز اپ لوڈ نہیں کر پا رہے ہیں، جب کہ کچھ ایسے تھے جنہیں ویڈیو پلے نہ ہونے کے مسئلے کا سامنا تھا۔
ویڈیو بلاگنگ یا وی لاگنگ کا اہم پلیٹ فارم سمجھے جانے والی ویب سائٹ متاثر ہوئی تو صارفین نے فرصت کے ان لمحوں میں اپنائی گئی اپنی متبادل مصروفیات بھی دوسروں سے شیئر کیں۔ کسی نے اس مقصد کے لیے میمز کا سہارا لیا تو کوئی لفظوں کی مدد سے اظہار خیال کرتا رہا۔
اینا نامی ایک ہینڈل نے یوٹیوب کو درپیش مسئلے کا ذکر کیا تو اس کو حل کرنے کے لیے اپنی کوشش سکرین شاٹ کے ذریعے دوسروں تک پہنچائی۔
گفتگو کا حصہ بننے والے کچھ صارف ایسے بھی تھے جو یوٹیوب ڈاؤن ہونے کے دوران دیگر ڈیوائسز سے روا رکھے گئے اپنے سلوک پر شرمندہ دکھائی دیے۔
متعدد صارفین نے یوٹیوب ڈاؤن ہونے کے دوران اپنی مصروفیات کا ذکر کیا تو یہ بات سامنے آئی کہ کچھ ایسے بھی تھے جنہوں نے بوریت سے بچنے کے لیے باتھ روم میں لگی ٹائلز کی گنتی تک کر ڈالی۔
یوٹیوب ڈاؤن ہونے کے دوران کی متبادل مصروفیات نے میمز کی صورت ٹائم لائنز کو سجایا تو انہیں دیکھنا بھی ایک مصروفیت بنا رہا۔ کرس نیٹ نامی صارف نے ایسی ہی مصروفیت کی نشاندہی کی تو ایک میم کو ہی اظہار خیال کا ذریعہ بنایا۔
یوٹیوب ڈاؤن کا مسئلہ حل ہونا بھی میمز کے ذریعے اپ ڈیٹ کیا گیا تو صارفین اپنے پسندیدہ کارٹون کیریکٹر کے ذریعے یہ خوشی بھری خبر دوسروں تک پہنچاتے دکھائی دیے۔
ماہانہ دو ارب سے زائد لاگڈ ان یوزرز رکھنے والی ویڈیو ویب سائٹ یوٹیوب کی جانب سے معاملے پر ردعمل میں صارفین کو خوشخبری سنائی گئی کہ ویب سائٹ ڈاؤن کرنے کی وجہ بننے والی خرابی کو دور کر دیا گیا ہے۔
مسئلہ حل ہونے کی اطلاع شیئر کرتے ہوئے ٹیم یوٹیوب کے ہینڈل سے لکھا گیا ’ہم خلل پر معذرت خواہ ہیں اور اب بحال ہو چکے ہیں‘۔