’مردوں کو 'ہیرو'، خواتین کو 'سازشی چڑیلیں' بنایا جاتا ہے‘
سونم کپور کا کہنا ہے کہ انڈسٹری میں عورتوں کو آسانی سے نشانہ بنا لیا جاتا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
بالی وڈ کی شوخ و چنچل اداکارہ سونم کپور نے اکثر خواتین کو برائی کا قصوروار ٹھہرائے جانے اور انہیں 'سازشی' کے طور پر لوگوں کے سامنے پیش کیے جانے پر غصے کا اظہار کیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ وہ ایسا خود کسی تنقید کی زد میں آنے کی وجہ سے نہیں کہہ رہیں، بلکہ انہوں نے اپنے ساتھ کام کرنے والی ایک خاتون کے ساتھ ایسا ہوتے ہوئے دیکھا ہے۔
’کاسموپولیٹن انڈیا‘ جریدے کو انٹرویو دیتے ہوئے سونم کپور کا کہنا تھا کہ انہیں ڈر لگتا ہے جب وہ دیکھتی ہیں کہ عورتوں کو اتنی آسانی سے نشانہ بنا لیا جاتا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ لوگ مردوں کے بارے میں اس طرح بات نہیں کرتے جیسے خواتین کے بارے میں کرتے ہیں۔
'ایسا لگتا ہے کہ ہم دہائیوں پیچھے (کے دور میں) چلے گئے ہیں۔'
فیشن اور فلم انڈسٹری کی خواتین کے بارے میں بات کرتے ہوئے سونم کپور کا کہنا تھا کہ انہیں آرٹسٹ یا تخلیقی شخص نہیں مانا جاتا، بلکہ ان کے کردار پر سوال اٹھائے جاتے ہیں۔
سونم کپور کا کہنا تھا کہ یوں تو فلم انڈسٹری میں تمام مرد اور خواتین ایک جیسے ہیں، لیکن مردوں کو 'ہیرو' بنا دیا جاتا ہے، جبکہ خواتین کو 'سازشی چڑیلیں'۔