Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لاہور قلندرز کی پشاور زلمی کو شکست

پشاور زلمی کی جانب سے شعیب ملک نے سب سے زیادہ 39 رنز بنائے (فوٹو: اے ایف پی)
کراچی میں پاکستان سپر لیگ کے ایلیمنیٹر میچ میں لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو پانچ وکٹوں سے ہرا کر ایلیمنیٹر ٹُو کے لیے کوالیفائی کرلیا۔ لاہور قلندرز نے 171 رنز کا ہدف 19 ویں اوور میں پورا کرلیا۔
لاہور قلندرز کی جانب سے محمد حفیظ نے عمدہ بلے بازی کرتے ہوئے 74 رنز کی اننگز کھیلی اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ محمد حفیظ کی اننگز میں دو چھکے اور 9 چوکے شامل تھے۔ ڈی وائز نے صرف سات گیندوں پر دو چھکوں کی مدد سے 16 رنز بنائے۔
171 رنز کے ہدف کے تعاقب میں فخر زمان اور تمیم اقبال نے اننگز کا آغاز کیا۔ تمیم اقبال 18 جبکہ فخر زمان 6 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔

 

دونوں بلے بازوں کو ثاقب محمود نے آؤٹ کیا۔ کپتان سہیل اختر صرف 7 رنز بناسکے، ثاقب محمود کی بال پر وہاب ریاض نے ان کا کیچ لیا۔ 
بین ڈَک 20 رنز بنانے کے بعد محمد عمران کی گیند پر بریتھ ویٹ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ سیمت پٹیل بھی 20 رنز بنانے کے بعد راحت علی کی بال پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
پشاور زلمی کی جانب سے ثاقب محمود نے تین جبکہ شعیب ملک اور محمد عمران نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل پشاور زلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 170 رنز بنائے۔
شعیب ملک نے سب سے زیادہ 39 رنز بنائے۔ جی سی ولجوئن نے 37 جبکہ امام الحق نے 24 رنز کی اننگز کھیلی۔

پشاور زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 170 رنز بنائے (فوٹو: اے ایف پی)

لاہور قلندرز کی جانب سے دلبر حسین نے تین، جبکہ ڈی وائز، شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پلے آف میچ میں کراچی کنگز نے ملتان سلطان کو سپر اوور میں چار رنز سے شکست دے کر پہلی مرتبہ ایونٹ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

شیئر: