Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ایس ایل: کراچی کنگز فائنل میں پہنچ گئی

بابر اعظم 65 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر پلیئر آف دی میچ قرار پائے (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پلے آف میچ میں کراچی کنگز نے ملتان سلطان کو سپر اوور میں چار رنز سے شکست دے کر پہلی مرتبہ ایونٹ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
ملتان سلطانز کے 142 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 141 رنز بنائے۔ اس طرح دونوں ٹیموں کا 141 رنز پر میچ ٹائی ہو گیا جس کے بعد میچ کا فیصلہ سپر اوور میں ہوا۔
سپر اوور میں کراچی کنگز نے 13 رنز بنائے جبکہ ملتان سلطانز محمد عامر کے اوور میں صرف 9 رنز بنا سکی۔ اس طرح کراچی کنگز نے ملتان سلطان کو چار رنز سے ہرا کر فائنل میں جگہ بنا لی۔ 

 

اس سے قبل کراچی کنگز کی جانب سے شرجیل خان اور بابر اعظم نے اننگز کا آغاز کیا۔  19 رنز کے مجموعی سکور پر شرجیل خان، سہیل تنویر کی بال پر عمران طاہر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ انہوں نے صرف چار رنز بنائے۔ 
بابر اعظم نے 65 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی اور پلیئر آف دی میچ کا اعزاز حاصل کیا۔ سہیل تنویر کی بال پر ذیشان اشرف نے ان کا کیچ لیا۔
کپتان عماد وسیم 27 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے جبکہ ہیلز 22 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔ انہیں خوش دل شاہ نے رن آؤٹ کیا۔ ملتان سلطانز کی جانب سے سہیل تنویر نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ عمران طاہر، محمد الیاس اور شاہد آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
سنیچر کو پلے آف کے پہلے میچ میں کراچی کنگز کی دعوت پر ملتان سلطانز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 کھلاڑی آؤٹ ہونے پر 141 رنز بنائے۔
ملتان سلطانز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 19 اوورز میں 122 رنز بنائے اور اس کے سات کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔ روی بوپارہ نے سب سے زیادہ 40 رنز بنائے، وقاص مقصود کی گیند پر افتخار احمد نے ان کا کیچ لیا۔

کراچی کنگز کے محمد عامر نے سپر اوور میں صرف 9 رنز دیے (فوٹو: اے ایف پی)

ملتان سلطانز کی جانب سے سہیل تنویر نے 13 گیندوں پر 25 رنز کی اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز میں دو چھکے اور ایک چوکا بھی شامل تھا۔
ذیشان اشرف 21 اور خوش دل شاہ 17 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔ شاہد آفریدی صرف 12 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ ارشد اقبال کی بال پر ہیلز نے ان کا کیچ لیا۔ ملتان سلطانز کے کپتان شان مسعود صرف تین سکور کرنے کے بعد محمد عامر کے ہاتھوں رن آؤٹ ہوگئے۔
کراچی کنگز کی جانب سے ارشد اقبال اور وقاص مقصود نے دو دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ کپتان عماد وسیم نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
محمد عامر نے چار اوورز میں 27 رنز دیے اور کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے۔ ملتان سلطانز کے دو کھلاڑی رن آؤٹ ہوئے۔

کراچی کنگز کے خلاف ملتان سلطانز کے دو کھلاڑی رن آؤٹ ہوئے (فوٹو: اے ایف پی)

کورونا وائرس کی وجہ سے پی ایس ایل کا آخری مرحلہ مارچ میں ملتوی کر دیا گیا تھا۔ ملتوی شدہ میچز اب بغیر تماشائیوں کے نیشنل سٹیڈیم کراچی میں ہو رہے ہیں۔
پی ایس ایل 5 کا آخری میچ سات ماہ قبل 15 مارچ کو کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان کھیلا گیا تھا جس میں کوئٹہ نے 5 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔
پلے آف مرحلے میں شریک غیرملکی کھلاڑیوں کو بائیو سیکیور ماحول میں رکھا گیا ہے اور انہیں کھلاڑیوں کے علاوہ کسی سے بھی ملنے کی اجازت نہیں ہے۔

شیئر:

متعلقہ خبریں